مانسہرہ کے قریب فوجی ہیلی کاپٹر کو حادثہ ،ریسکیوآپریشن مکمل

جمعہ 7 اگست 2015 11:10

مانسہرہ کے قریب فوجی ہیلی کاپٹر کو حادثہ ،ریسکیوآپریشن مکمل

مانسہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اگست2015ء) مانسہرہ کے قریب پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثے کے مقام پر ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا۔ڈی این اے ٹیسٹ کیلیے نمونے لینے کے بعد ایبٹ آباد سے بارہ میں سے 5شہدا کی میتیں سی ایم ایچ راولپنڈی روانہ کردی گئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابقتمام 12 شہیدوں کی لاشیں تلاش کرلی گئیں،حادثے میں 5 میجروں سمیت 12 فوجی اہلکار شہید ہوگئے تھے ۔

رپورٹ کے مطابق مانسہرہ تناول کے علاقہ موہاڑ کے قریبی جنگل میں سیلاب متاثرین کیلئے طبی امداد گلگت لے جانیوالا فوجی ہیلی کاپٹر مانسہر کے قریب گر کر تباہ ہوگیا اور ساتھ ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی ہیلی کاپٹر میں سوار12 ؍ افراد شہید ہوگئے، حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر میں پاک فوج کے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت 12 افراد سوار تھے یہ ہیلی کاپٹر گلگت جارہا تھا حادثے میں دو پائلٹ بھی شہید ہوگئے ۔

(جاری ہے)

شہید ہونیوالوں میں 5میجرز ، میجر ہمایوں، میجر مزمل، میجر شہزاد، میجر ڈاکٹر عاطف اور میجرعثمان شامل ہیں ، دیگر شہداء میں نرسنگ اسسٹنٹ امان اللہ، سپاہی وقار، نائیک عامر سعید اور نائیک اوٹی مقبول شامل ہیں۔ صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نواز شریف ،آرمی چیف جنرل راحیل شریف وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وز یر اطلاعات پرویز رشید، وزیر دفاع خواجہ آصف دیگر وفاقی وزراء چاروں صوبوں کے گورنرز، وزرائے اعلیٰ، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، سابق صدر آصف علی زرداری ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، چوہدری شجاعت حسین، سراج الحق، پرویز الٰہی، شیخ رشید احمد،قائد حزب اختلا ف سید خورشید شاہ،چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی،اے این پی کے سربراہ اسفندیارولی،جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان،آزادکشمیر کے وزیراعظم،گورنر و وزیراعلیٰ گلگت ودیگر نے بھی واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :