کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی داخلہ کی وزارت خطرے میں پڑ گئی ؟

وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے ’’ ہُواز ہوم منسٹر ‘‘ ،کرنل صاحب بیٹھ جائیں کے ریمارکس کے بعدحکومتی اور سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں ایسی کوئی بات نہیں ہوئی ،میرے پاس اضافی وزارت داخلہ کے مکمل اختیار ات ہیں ‘ کرنل (ر) شجاع خانزادہ کا موقف

جمعرات 6 اگست 2015 22:04

کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی داخلہ کی وزارت خطرے میں پڑ گئی ؟

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06اگست۔2015ء ) کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی داخلہ کی وزارت خطرے میں پڑ گئی ؟وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے اجلاس میں ’’ ہُواز ہوم منسٹر ‘‘ ،کرنل صاحب بیٹھ جائیں کے ریمارکس کے بعدحکومتی اور سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں ہونے لگیں۔ ذرائع کے مطابق صوبہ میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ ایک اجلاس کے دوران اس وقت شرکاء اجلاس حیران رہ گئے جب پنجاب کے چند متحرک وزراء میں سے ایک کرنل(ر) شجاع خانزادہ نے اپنا تعارف صوبائی وزیر داخلہ کے طور پر کراتے ہوئے امن و امان کی صورتحال پر بات کرنا چاہی تو وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے انہیں فوری ٹوک دیا اور انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا۔

’’ ہُو از ہوم منسٹر ‘‘،کرنل صاحب بیٹھ جائیں۔

(جاری ہے)

جس کے بعد کرنل (ر) شجاع خانزادہ اپنی نشست پر بیٹھ گئے اور اس صورتحال پر پریشان دکھائی دئیے۔اس واقعے کے بعد حکومتی اور سیاسی حلقوں میں وزارت داخلہ کے قلمدان کی تبدیلی کی چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ماضی میں بھی وزارت داخلہ کا قلمدان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ہی پاس تھا لیکن پہلی مرتبہ (ن) لیگ کی حکومت میں یہ قلمدان کسی رکن اسمبلی کو سونپا گیا ہے ۔اس سلسلہ میں جب کرنل (ر) شجاع خانزادہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اپنے موقف میں کہا کہ اس واقعہ میں کوئی سچائی نہیں، میرے پاس اضافی وزارت داخلہ کے مکمل اختیارات ہیں۔

متعلقہ عنوان :