جنوبی سعودی عرب میں مسجد میں خود کش دھما کہ، 17 افراد جاں بحق

جمعرات 6 اگست 2015 21:22

جنوبی سعودی عرب میں مسجد میں خود کش دھما کہ، 17 افراد جاں بحق

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06اگست۔2015ء) سعودی عرب میں ایک مسجد میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق ہوگئے ، دھماکا سعودی عرب کے جنوبی شہر ابحا کی ایک مسجد میں ہوا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق دھماکا اْس وقت ہوا جب مسجد میں سعودی اسپیشل فورسز کے اہلکار نماز ادا کر رہے تھے۔سعودی وزارت داخلہ کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر غیرملکی خبررساں ادارے خبررساں ادارے کو بتایا کہ بم کو ہدف پولیس کے زیر تربیت اہلکار تھے جو نماز ادا کررہے تھے۔

تاہم انہوں نے یہ تصدیق نہیں کی کہ بم پہلے سے مسجد میں موجود تھا یا پھر یہ خودکش دھماکا تھا۔ عرب نیوز کے مطابق جس مسجد کو نشانہ بنایا گیا ہے وہ سعودی ایمرجنسی فورس کے زیر استعمال تھی۔دھماکے میں 17افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں،زخمیوں کو ہسپتالو ں میں داخل کرادیا گیا ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے،دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کا گھیراؤ کرلیا اور سیکورٹی سخت کردی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ ایمرجنسی فورس سعودی عرب کی عمومی سیکیورٹی کی ذمہ دار ہے۔یہ فورس وزارت داخلہ کے ماتحت 1972 میں قائم کی تھی۔اس فورس کی ذمہ داریوں میں مغویوں کی بازیابی، احتجاج ختم کرنا اور انسداد دہشت گردی میں پولیس کی معاونت کرنا شامل ہے۔ابحا شہر سعودی عرب کے جنوب میں یمن کی سرحد کے قریب واقعہ ہے۔خیال کہ رواں سال مئی میں سعودی صوبے القطیف میں ایک خود کش بمبار نے خود کو مسجد میں دھماکہ خیزمواد سے اڑالیا جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

اس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔گزشتہ ماہ سعودی حکام نے داعش سے منسلک ایک مقامی تنظیم کے 431 کارکنوں کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا۔حکام نے بتایا تھا کہ نیٹ ورک کے سیل سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں شیعہ عباد گاہوں پر مہلک خود کش حملوں سمیت مختلف شر پسند کارروائیوں میں ملوث تھے۔

متعلقہ عنوان :