این ایل سی سکینڈل، آرمی چیف راحیل شریف نے 2 سابق فوجی افسران کو سزا سنا دی

muhammad ali محمد علی بدھ 5 اگست 2015 20:08

این ایل سی سکینڈل، آرمی چیف راحیل شریف نے 2 سابق فوجی افسران کو سزا سنا ..

راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 5 اگست 2015 ء) آرمی چیف راحیل شریف نے این ایل سی سکینڈل میں ملوث 2 سابق فوجی افسران کو سزا سنا دی ہے۔ پاک فوج کے ترجمان ادارے سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق این ایل سی میں مالی بے ضابتگیوں کی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں۔ آرمی چیف راحیل شریف کی جانب سے این ایل سی سکینڈل میں ملوث 2 سابق فوجی افسران کو آرمی ایکٹ کے تحت سزا سنا دی گئی ہے۔

فیصلے کے مطابق میجر جنرل (ر )خالد ظہیر اختر کو سروسز سےبرطرف کردیا گیا ہے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل (ر )افضل مظفر کی سخت سرزنش کی گئی ہے۔ میجر جنرل (ر )خالد ظہیر اختر کے رینک ، میڈلز، اعزازات ،ایوارڈز ضبط جبکہ پنشن ختم اور تمام سروسز اورسہولتیں واپس لے لی گئی ہیں۔تحقیقات میں لیفٹیننٹ جنرل (ر)خالد منیر خان کسی مالی بدعنوانی میں نہیں پائے گئے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق این ایل سی میں مالی بدعنوانیوں کی نشاندھی 2009 میں ہوئی تھی جس کے بعد اس معاملے کی تحقیقات کا آغاز ہوا تھا۔ کیس کی تحقیقات مکمل کرکے وزرت دفاع کو رپورٹ بھجوا دی گئی تھی جس کے بعد پاک فوج نے کیس کی تحقیقات کا آغاز 2010 میں کیا اور اس سلسلے میں کورٹ آف انکوائری تشکیل دیا گیا تاہم ثبوتوں کی جانچ پڑتال کے مرحلے کےدوران تحقیقات تاخیر کا شکار ہوئیں ۔

پبلک اکاوَنٹس کمیٹی کی جانب سے آرمی چیف کو اس معاملے کی تحقیقات کی درخواست کی گئی تھی جس کے بعد آرمی چیف نے اس کیس کی دوبارہ تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ آرمی چیف نے کیس کی تحقیقات ہنگامی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت کی تھی۔ سابق کور کمانڈر لیفٹینٹ جنرل خالد نعیم لودھی کیس کی تحقیقات کر رہے تھے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاک فوج اپنی روایات کے مطابق احتساب اور انصاف کے عمل پر پیرا ہے۔ آرمی چیف راحیل شریف آرمی میں شفافیت دیکھنا چاہتے ہیں۔