ہائیکورٹ کا نواز شریف کے بطور وزیر اعلیٰ پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر سخت اظہار برہمی ،ایل ڈی اے کو آخری موقع دیدیا

منگل 28 جولائی 2015 22:52

ہائیکورٹ کا نواز شریف کے بطور وزیر اعلیٰ پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا ریکارڈ ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جولائی۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے 1988ء میں بطور وزیر اعلی پنجاب نواز شریف کی جانب سے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے خلاف درخواست پرایل ڈی اے کو ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع دیدیا جبکہ اینٹی کرپشن حکام کو معاملے کی انکوائری رپورٹ بھی پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فرخ عرفان خان نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار ایڈوکیٹ نوشاب اے خان کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ محمد نواز شریف نے بطور وزیر اعلی پنجاب 1988ء میں گارڈن ٹاؤن کے علاقے میں من پسند افراد کو پلاٹ الاٹ کئے جس پر ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔ عدالتی حکم کے باوجود ایل ڈی اے حکام کی جانب سے پلاٹوں کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر فاضل عدالت نے سخت برہمی کا اطہار کرتے ہوئے ایل ڈی اے کو ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 15ستمبر تک ملتوی کر دی۔ علاوہ ازیں عدالت نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو بھی آئندہ سماعت پر اس معاملے کی انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔