ڈاکٹر طاہر القادری نے دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے فروغ کیلئے 11 کتابوں پر مشتمل امن نصاب تیار کر لیا،ڈاکٹررحیق

حکومت اس نصاب کو کالجز اور یونیورسٹیز کی سطح پر نافذ کرے، نوجوانوں کو انتہا پسندی سے بچنے میں مدد ملے گی ، میڈیا سے گفتگو

منگل 28 جولائی 2015 19:47

ڈاکٹر طاہر القادری نے دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے فروغ کیلئے 11 کتابوں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جولائی۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے فروغ کیلئے 11 کتابوں پر مشتمل امن نصاب تیار کر کے قوم کی حقیقی رہنمائی کاحق اداکیا ہے۔ امن نصاب انگریزی ،اردو اور عربی زبان میں مرتب کیا گیا ہے۔

طلباء، دانشوروں، فورسز کے افسران ،علماء و آئمہ مساجد کیلئے الگ الگ نصاب تیار کیا گیا ہے۔ان خیالات کااظہار مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایا کہ انگریزی زبان میں مرتب کیے گئے نصاب کی تقریب رونمائی 23 جون کو لندن میں ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

امن نصاب کی تقریب رونمائی آج دن 1.30بجے اسلام آباد میریٹ ہوٹل میں منعقد ہوگی۔تقریب کی صدارت ڈاکٹر طاہر القادری کریں گے۔امن نصاب قرآن و سنت کے حوالہ جات کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے۔یہ امن نصاب دنیا کے تمام سربراہان مملکت اقوام متحدہ اور پاکستانی سفارتخانوں کو ارسال کیا گیا ہے۔ قومی ایکشن پلان کے تحت امن نصاب تیار کرنا حکومت کی ذمہ داری تھی جو اس نے پوری نہیں کی۔ حکومت اس نصاب کو کالجز اور یونیورسٹیز کی سطح پر نافذ کرے، نوجوانوں کو انتہا پسندی سے بچنے میں مدد ملے گی ۔ امن نصاب کی تقریب میں شرکت کیلئے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں،مختلف ممالک کے سفیر اور سینئر صحافیوں، دانشوروں کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :