Live Updates

دھاندلی کے معاملے سے افتخار چوہدری کا کوئی تعلق نہیں ‘ عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ اس میں سابق چیف جسٹس کو ملوث نہ کیا جائے ، کسی نے ان کو گمراہ کیا ‘ تحریک انصاف کا انکوائری کمیشن میں الزامات ثابت نہ کر نا ناکامی ہو سکتی ہے

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما حامد خان کا عمران خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل

ہفتہ 25 جولائی 2015 21:28

دھاندلی کے معاملے سے افتخار چوہدری کا کوئی تعلق نہیں ‘ عمران خان کو ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 جولائی۔2015ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما حامد علی خان خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ دھاندلی کے معاملہ سے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کا کوئی تعلق نہیں تھا ‘میں نے عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ اس معاملہ میں سابق چیف جسٹس کو ملوث نہ کیا جائے لیکن انہیں کسی نے مس گائیڈ کیا ‘ تحریک انصاف انکوائری کمیشن میں اپنے الزامات ثابت نہیں کر سکی اور یہ ہماری ناکامی ہو سکتی ہے۔

ہفتہ کو انکوائری کمیشن کی رپورٹ اور عمران خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل کامظاہرہ کرتے ہوئے حامد خان نے کہاکہ دھاندلی ہوئی تھی لیکن انکوائری کمیشن میں ہم اس کو ثا بت نہیں کر سکے اور رپورٹ کو ہم نے قبول کر لیا ہے۔ کئی اور جماعتوں نے بھی 2013ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگائے تھے اور انکوائری کمیشن نے اپنی رپورٹ میں یہ لکھا ہے کہ کمیشن بنانے کا مطالبہ درست تھا۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی ٹیم انکوائری کمیشن میں دھاندلی الزامات ثابت نہیں کر سکی اور یہ ہماری ناکامی ہو سکتی ہے۔ سابق چیف جسٹس پر عمران خان کی طرف سے لگائے گئے الزامات کے حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما نے کہاکہ میں نے عمران خان کو یہ مشورہ دیا تھا کہ جسٹس افتخار چوہدری کو دھاندلی کے الزامات میں ملوث نہ کریں مگر میری بات نہیں مانی گئی اور پارٹی کے دیگر چند مخصوص لوگوں کے کہنے پر افتخار چوہدری کو ملوث کیا گیا مگر ان کیخلاف کوئی ثبوت نہیں لایا جا سکے اور عمران خان کو مس گائیڈ کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ ایک سال کے عرصہ میں جو تجربات ہوئے ہیں اس کے بعد تحریک انصاف کو اپنے معاملات بہتر کرنے کی ضرورت ہے ہمیں محاذ آرائی کی بجائے ایسا طریقہ کار اختیار کرنا چاہیے کہ اپنا ووٹر مایوس نہ ہو اور ہم تبدیلی بھی لے آئیں کیونکہ کشیدگی کی فضاء سے کوئی فائدہ نہیں ہو گا

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات