این اے 19 کے ضمنی انتخابات فوج کی زیر نگرانی کروائے جائیں،(ن) لیگ کے امیدوار بابر نواز خان نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی

جمعرات 23 جولائی 2015 23:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 جولائی۔2015ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این 19 سے (ن) لیگ کے امیدوار بابر نواز خان نے حلقہ میں ضمنی انتخابات فوج کی نگرانی میں کروانے کیلئے الیکشن کمیشن میں جمعرات کو درخواست دائر کردی ۔ درخواست جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں خیبر پختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی، کے پی کے وزیر بلدیات نے خود بھی اس دھاندلی کا الزام عائد کیا۔

بابر نواز خان نے مزید کہا کہ اس دھاندلی کا واضح ثبوت خیبر پختونخوا کے بعض حلقوں میں الیکشن کمیشن کی جانب سے دوبارہ پولنگ کے آرڈر ہیں۔ بابر نواز خان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ نے 2013ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کا واویلہ کرنے والوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے 126 دن عوام کا وقت ضائع کیا ، ملکی خزانے کو ناصرف نقصان پہنچایا بلکہ قوم کو بھی گمراہ کیا ، عمران خان کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے ، 18 کروڑ عوام کے ساتھ بدترین مذاق کیا گیا ، پارلیمنٹ جیسے مقدس ایوان کی توہین کے ساتھ ساتھ عدلیہ کی بھی توہین کی گئی۔

خیبرپختونخوا میں ہونیوالے الیکشن میں دھاندلی کرنیوالے کس طرح دھاندلی کا الزام لگا سکتے ہیں ، تبدیلی کے سارے دعوؤں کی قلعی کھل چکی ہے ، تحریک انصاف کے اپنے وزیر کرپشن کی وجہ سے گرفتار ہوئے ہیں ،انہوں نے اپنے حلقہ کے عوام سے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف سچے محب وطن ہیں ، انہوں نے ملک کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ بابر نواز خان نے اپنے حلقہ کے عوام سے کہا کہ وہ مسلم لیگ ن کو ووٹ دے کر نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کریں ان شااللہ آئندہ عام انتخابات میں بھی مسلم لیگ بھاری اکثریت سے جیتے گی۔

متعلقہ عنوان :