جماعة الدعوة کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں پانچ ہزار سے زائد متاثرین میں پکا پکایا کھانا تقسیم کیا گیا

بدھ 22 جولائی 2015 19:42

جماعة الدعوة کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں پانچ ہزار سے زائد متاثرین ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جولائی۔2015ء ) جماعة الدعوة کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں پانچ ہزار سے زائد متاثرین میں پکا پکایا کھانا تقسیم کیا گیا۔ سیلاب کے تیسرے دن بھی امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے جنوبی پنجاب کے متاثرہ علاقوں لیہ ،روجھان، مٹھن کوٹ ، مظفرگڑھ ،ڈی جی خان ،رحیم یار خان سمیت سکردواور چترال میں پکاپکایا کھاناتقسیم کیا ۔

لیہ کے سیلاب زدہ علاقوں بستی چانڈیا،بستی موہانہ ،ککڑ والا ،کُنل نشیب میں موٹربوٹ سروس کے ذریعے 450افراد کوان کے قیمتی سامان اور پالتو جانوروں سمیت سیلابی پانی سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔سیلاب زدہ علاقوں میں فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے سینکڑوں امدادی رضاکار ریلیف و ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

سکردو اور لیہ کے علاقوں میں فلاح انسانیت فاؤنڈیشن نے فری میڈیکل کیمپنگ کا بھی آغاز کر دیا ہے۔

ماہر ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف پر مشتمل میڈیکل ٹیموں نے بدھ کو سینکڑوں مریضوں کا چیک اپ کیا اورہزاروں روپے مالیت کی ادویات فراہم کی گئیں ۔جماعةالدعوة کے رفاہی ادارے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی جانب سے حالیہ سیلاب میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقے چترال میں امدادی سرگرمیوں کا دائرہ کا ر مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ انتہائی دشوارگزار راستوں کے باوجود امدادی سامان اور ایمبولینس گاڑیاں چترال کے سیلاب متاثرہ علاقوں دریش اوربونی میں پہنچا دی گئی ہیں۔ سیلاب متاثرہ ان علاقوں میں بھی پکے پکائے کھانے کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے ۔

متعلقہ عنوان :