2017ء تک لوڈشیڈنگ سمیت بڑے بڑے مسائل حل ہو جائیں گے، حمزہ شہباز

تبدیلی کی باتیں مسترد ہو چکیں ،رینجرز کے آپریشن سے کراچی کی رونقیں بحال ہو رہی ہیں، عوامی ترقی کا سفر جاری رکھیں گے‘کامونکی میں کارنر میٹنگ سے خطاب

بدھ 22 جولائی 2015 19:33

2017ء تک لوڈشیڈنگ سمیت بڑے بڑے مسائل حل ہو جائیں گے، حمزہ شہباز

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جولائی۔2015ء ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت درست حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے ، انشاء اللہ قومی قیادت کے سچے جذبوں اور نیک ارادوں کے ساتھ 2017 ء تک لوڈ شیڈنگ سمیت بڑے بڑے مسائل حل ہو جائیں گے ، چین کے ساتھ 40 ار ب ڈالر کی سرمایہ کاری ملک میں انقلابی ترقی لائے گی ، زبانی جمع خرچ تک محدود تبدیلی کی باتیں مسترد ہو چکیں اور دن بدن پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کے باعث عوامی تائید و حمایت میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی واضح مثال ملتان ، ننکانہ صاحب اور منڈی بہاؤالدین کے ضمنی انتخابات میں اس جماعت کے ووٹوں میں اضافہ اور بھرپور کامیابی ہے ، انشاء اللہ 26 جولائی کو پی پی 100 کامونکی میں بھی مسلم لیگ(ن) کے امید وار چوہدری اختر علی خان بھاری اکثریت سے کامیاب ہو ں گے - حمزہ شہباز اپنے دورہ کامونکی میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے-جہاں وزیر مملکت عثمان ابراہیم، ممبران قومی اسمبلی محمود بشیرورک، جسٹس (ر) افتخار چیمہ ، شازیہ اشفاق ، رانا محمد نذیر اور ممبران صوبائی اسمبلی منشاء اللہ بٹ، چوہدری اقبال گجر، توفیق بٹ، حاجی عبدالرؤف مغل، عمران خالد بٹ، پیر غلام فرید ، شوکت منظور چیمہ ، اکمل سیف چٹھ اور محمد وسیم کے علاوہ ضلعی صدر مسلم لیگ مبشر اقبال گوندل اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور دیر تک نعرے بازی کرتے رہے - جبکہ خواتین کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی-اپنے خطاب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ افواج پاکستان جرات اور بہادری کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف نبردآزما ہے جس کے مثبت نتائج ساری قوم کے لئے اطمینان کا باعث ہیں - اسی طرح کراچی میں امن و امان کے قیام کے لئے رینجرز کا آپریشن سیاسی مقاصد سے بالا تر ہو کر وسیع تر قومی مفاد کے لئے کیا جا رہا ہے جس سے اس سب سے بڑے اقتصادی شہر کی رونقیں بحال ہو رہی ہیں - حمزہ شہباز نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رہے گا اور ملک کو صحیح معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے - انہوں نے کہا کہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے تمام اقدامات کئے گئے ہیں - انتظامیہ پوری طرح چوکس ہے اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے- حمزہ شہباز نے کامونکی کی پارٹی تنظیم کی طرف سے اس قدر شاندار استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 26 جولائی کو شیر ہر طرف دھاڑے گا اور انشاء اللہ کامیابی مسلم لیگ (ن) کے قدم چومے گی-