تقریبات اور خوشیاں جو چھین لی گئی تھیں اب واپس آرہی ہیں،جن کا سہرا مسلح افواج کے سر ہے جنہوں نے ہماری زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید کی ریڈیو پاکستان سے گفتگو

پیر 20 جولائی 2015 23:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ تقریبات اور خوشیاں جو چھین لی گئی تھیں اب واپس آرہی ہیں۔ ریڈیو پاکستان سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے تیز رفتار بنیادوں پر ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن پراجیکٹ مکمل کرے گا۔

ماضی میں عالمی دباؤ کے باوجود پاکستان اس منصوبے سے دستبردار نہیں ہوا۔ انہوں نے کہاکہ عالمی طاقتوں کے ساتھ ایران کے ایٹمی معاہدے سے ہمیں جلد از جلد اس منصوبے پر عملدرآمد کا ایک بہترین موقع میسر آیا ہے۔ یہ پراجیکٹ ہماری صنعت کی بحالی میں مدد دے گا جس سے ملک میں اقتصادی سرگرمیاں اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں سینیٹر پرویز رشید نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اس سال لوگوں نے عیدالفطر بغیر کسی خوف و خطر آزاد فضاؤں میں منائی۔

انہوں نے کہاکہ وہ تقریبات اور خوشیاں جو ہم سے چھین لی گئی تھیں، اب واپس آرہی ہیں جن کا سہرا مسلح افواج کے سر ہے جنہوں نے ہماری زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ پرویز رشید نے کہاکہ سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور قوم ان کے خاندانوں کی مشکور رہے گی۔