مقبوضہ کشمیر میں عید کے روز بھارت مخالف مظاہرے ،پاکستانی پرچم لہرا دیئے گئے

پیر 20 جولائی 2015 21:33

مقبوضہ کشمیر میں عید کے روز بھارت مخالف مظاہرے ،پاکستانی پرچم لہرا ..

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 جولائی۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں ہفتہ کو عیدالفطر کے موقع پر بھارت کے خلاف ، آزادی اور پاکستان کے حق میں زبردست مظاہرے کئے گئے اور ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی پرچم لہرائے گئے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں کی بھاری تعداد میں تعیناتی کے باوجود سرینگر ، اسلام آباد، سوپور، لولاب، سوگام، بانڈی پورہ ،پلوامہ، کولگام، بڈگام، شوپیان،کشتواڑ اور دوسرے علاقوں میں لوگ نمازعید کے فوراً بعد سڑکوں پر نکل آئے جبکہ دیگر شہروں اور قصبوں میں بھی لوگوں نے” ہم کیا چاہتے ،آزادی“،”جیوے جیوے پاکستان“ اور ”گوانڈیا گو“ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

مظاہرین جموں وکشمیر سے بھارتی فوج کے فوری انخلاء کا مطالبہ کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی،کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین میرواعظ عمرفاروق اور دیگر حریت رہنماؤں کی مسلسل نظربندی کے خلاف بھی احتجاج کیا۔حریت رہنما یاسمین راجہ اور انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن انتو نے سرینگر اور لولاب میں بھارت مخالف مظاہروں کی قیادت کی۔

بھارتی پولیس اہلکاروں نے سرینگر کے علاقوں عیدگاہ، صفاکدل، کوٹھی باغ، برزلہ، صراف کدل، راجوری کدل، سوپور، سوگام اور اسلام آباد میں مظاہرین پر آنسو گیس اور لاٹھی چارج کابے دریغ استعمال کیا جس سے متعدد افراد شدید زخمی ہو گئے ۔بھارت کی پیراملٹری فورسز نے اسلام آباد قصبے میں جامعہ اہلحدیث شیر باغ میں بھی آنسو گیس کے گولے داغے۔

ادھرقابض انتظامیہ نے سیدعلی گیلانی، میرواعظ عمرفاروق، محمدیاسین ملک، شبیر احمد شاہ، محمد اشرف صحرائی، نعیم احمد خان اور ظفر اکبر بٹ کو ان کے گھروں میں نظربند رکھا تاکہ انہیں عوامی اجتماعات سے خطاب اور نماز عید اداکرنے سے روکا جائے۔حریت رہنماؤ ں نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قابض انتظامیہ کی طرف سے آزادی پسند رہنماؤں کی نقل و حرکت پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادر ی پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف وزریاں ختم کرانے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے۔دریں اثناء بھارتی پولیس نے کشتواڑ قصبے میں نماز عید کے بعد بھارت کے خلاف اور پاکستان کے حق میں نعرے بلند کرنے پر ایک سرکاری معلم سمیت سات کشمیریوں کو گرفتار کر لیا۔