فرائض میں غفلت برتنے والے ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ جام مہتاب حسین ڈھر

پیر 27 جولائی 2015 20:39

کراچی ۔ 27 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جولائی۔2015ء) صوبائی وزیر برائے صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹرز اپنی قابلیت اور تجربے سے غریب مریضوں کو فائدہ پہنچائیں حکومت اربوں روپے صحت کے شعبے میں خرچ کر رہی ہے ۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے پیر کو طویل عرصے سے غیر حاضر ڈاکٹرز کی ذاتی شنوائی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 35 ڈاکٹرز کو ان کی غیر حاضری کے باعث فائنل شو کاز نوٹس جاری کئے گئے تھے تاہم ان میں سے 28 ڈاکٹرز ذاتی شنوائی کے لئے حاضر نہیں ہوئے ۔ صوبائی وزیر صحت نے فرائض سے غفلت برتنے والے اور طویل عرصے تک غیر حاضر رہنے والے ڈاکٹرز کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ لاپروائی کے مرتکب افراد کو نہیں بخشا جائے گا اور احکامات کی بجاآوری نہ کرنے والے ڈاکٹرز کو سرکاری ملازمت سے برخاست بھی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور مریضوں کو ہر ممکن علاج معالجے کی سہولیات فراہم کریں۔ جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا کہ ڈاکٹرز کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیں کیونکہ طب کا شعبہ خدمت بھی ہے اور عبادت بھی۔