برطانوی عدالت نے پاکستانی شہری کو یورپی بیگم کی جان لینے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنا دی

منگل 14 جولائی 2015 23:42

برطانوی عدالت نے پاکستانی شہری کو یورپی بیگم کی جان لینے کے جرم میں ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جولائی۔2015ء)پاکستانی کو برطانیہ میں اپنی بلغارین بیوی کو قتل کرنے کے جرم میں عمرقید کی سزا سنا دی گئی ۔30سالہ جمشید خان 2011ء میں سٹڈی ویزے پر برطانیہ گیا اور وہاں مستقل سکونت کے چکر میں یورپی ملک بلغاریہ کی 27سالہ لڑکی میلینا سے شادی کر لی، میلینا ایک مساج سنٹر میں کام کرتی تھی۔ 2014ء میں جب اس کے سٹڈی ویزے کی مدت ختم ہونے لگی تو اس نے اپنی شادی کی دستاویزات جمع کروا کر مستقل ویزے کی درخواست دیدی۔

(جاری ہے)

برطانوی حکام نے شادی کے مزید شواہد پیش کرنے کا حکم دیاجن کے لیے اسے اپنی بیوی میلینا کی مدد درکار تھی لیکن اس نے مدد کرنے سے انکار کر دیا جس پر جمشید نے طیش میں آ کر چاقو سے اس پر حملہ کر دیا اورسفاک شخص نے 13بار اس کے جسم میں چاقو گھونپا،چاقو کے وار سے میلینا کا دل بھی متاثر ہوا۔پولیس نے اسے ہسپتال پہنچایا جہاں وہ چند گھنٹے زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد چل بسی۔ ملزم نے عدالت میں اپنا جرم قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ”مقتولہ نے پہلے مجھ پر چاقو سے حملہ کیا تھا اور میں نے اپنے دفاع میں یہ اقدام اٹھایا۔“ عدالت نے جعلی شادی اور قتل کا جرم ثابت ہونے پر ملزم کو عمر قید کی سزا دے دی