الیکشن کمیشن کی ملکی تاریخ میں پہلی بار بائیو میٹرک نظام کے تحت الیکشن کے انعقاد کی تیاریاں ، آزمائشی بنیادوں پر این اے19 ہری پور کے 50 پولنگ سٹیشنوں پر بائیو میٹرک نظام کے تحت الیکشن کرائے جائیں گے، 100 سے زائد بائیو میٹرک مشینوں کی خریداری پر کام شروع

منگل 14 جولائی 2015 19:04

الیکشن کمیشن کی ملکی تاریخ میں پہلی بار بائیو میٹرک نظام کے تحت الیکشن ..

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جولائی۔2015ء ) الیکشن کمیشن نے ملکی تاریخ میں پہلی بار بائیو میٹرک نظام کے تحت الیکشن کے انعقاد کیلئے تیاریاں شروع کردیں ، آزمائشی بنیادوں پر این اے19 ہری پور کے 50 پولنگ سٹیشنوں پر بائیو میٹرک نظام کے تحت الیکشن کرائے جائیں گے ۔ منگل کو الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق گزشتہ عام انتخابات میں بے ضابطگیوں کی شکایات کے پیش نظر انتخابات کے شفاف انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن نے انتخابی اصلاحات کا باضابطہ آغاز کردیا اور اس سلسلے میں ملک میں بائیو میٹرک انتخابی نظام متعارف کرانے کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں جبکہ 100 سے زائد بائیو میٹرک مشینوں کی خریداری پر کام شروع کردیا گیا ہے ۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ بائیو میٹرک مشینوں کی خریداری کے حوالے سے پی ٹی اے اور وزارت آئی ٹی کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور مشینوں کی خریداری ایک نجی کمپنی سے کی جائے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مشینوں کی خریداری کے بعد نادرا ان میں ووٹرز کا ڈیٹا فیڈ کرے گا جس کے بعد مذکورہ مشینیں الیکشن کمیشن کے حوالے کردی جائیں گی اور ان مشینوں کی آزمائش کیلئے ہری پور کے حلقہ این اے 19 میں ہونیوالے ضمنی انتخاب میں بائیو میٹرک مشینوں کا استعمال کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ ہری پور میں ضمنی انتخابات 16 اگست کو ہوں گے

متعلقہ عنوان :