انقلاب آ کر رہے گا، ظلم کے نظام کے محافظ بھی انجام کو پہنچیں گے،مخلوق خدا سے حقوق چھیننے والے اللہ اور رسول کے مجرم ہیں، ہمارے انقلابی مزدور اور غریب ہیں،حق کیلئے جدوجہد کرنے والوں کو شکست نہیں ہوتی ،مایوسی کفر، جدوجہد کو تیز کیا جائے

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا انقلاب مارچ کے زخمیوں، میڈل تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

منگل 14 جولائی 2015 16:11

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جولائی۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ مخلوق خدا سے حقوق چھیننے والے اللہ اور اس کے رسول کے مجرم ہیں۔ انقلاب آ کر رہے گا، ظلم اور لادینیت کو فروغ دینے والے اور اس کے محافظ اپنے انجام کو پہنچیں گے، حق کیلئے لڑنے والوں کو شکست نہیں ہوتی ،یزید نے تخت بچانے کیلئے خانوادہ رسول کو شہید کیا اور ذلیل و رسوا ہوا ۔

انقلاب کا سورج طلوع ہو گا اور ظلم کی تاریکی ختم ہو کر رہے گی۔ ہماری صفوں میں غریب، مزدور اور اللہ والے ہیں، یہی اللہ والے اسلام کے نام پر حاصل کیے جانے والے ملک میں مصطفوی انقلاب برپا کریں گے جس میں سب انسان برابر اور برابری کی بنیاد پر ترقی کی دوڑ میں شامل ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر اعتکاف میں فیصل آبادکے انقلاب مارچ کے زخمیوں،اسیران میں میڈل تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ کچھ لادینی اور بدعنوان عناصر چاہتے ہیں اللہ اورمصطفی والے مساجد، خانقاہوں میں محصور ہو جائیں اور اسلام کے نام پر حاصل کیے جانے والے اس ملک کو لوٹنے والوں کو کوئی روکنے ٹوکنے والا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد آئین، قانون، قرآن و سنت کی تعلیمات کے تابع ہے۔ اقلیت نے اکثریت کو معاشی، سیاسی، سماجی سطح پر غلام بنا لیا ہے،اس غلامی سے نجات کی جدوجہد کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔

ہمار انقلاب ہر طرح کی غلامی سے نجات کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مایوسی کفر ہے، ایمان، یقین والے مایوس نہیں ہوتے، حق کے غلبہ اور ہر طرح کے ظلم اور استحصال کے خاتمہ کیلئے اپنی جدوجہد کو تیز کریں ۔تھوڑے لوگ حق پر ہوتے ہیں اور یہی تھوڑے بالآخر فتح یاب ہوتے ہیں۔