اعلی پی ایچ ایف عہدیداروں نے’’کرسی ‘‘بچانے کیلئے نئی چال چل دی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 12 جولائی 2015 23:57

اعلی پی ایچ ایف عہدیداروں نے’’کرسی ‘‘بچانے کیلئے نئی چال چل دی

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار12جولائی ۔2015ء ) پاکستان ہاکی فیڈریشن(پی ایچ ایف) کے اعلی عہدیدداروں نے اپنا اقتدار بچانے کیلئے حکومت سے ’’ٹکر ‘‘ لینے کا فیصلہ کر تے ہوئے ٹیم کی ناقص کاکردگی پر وزیر اعظم کی بنائی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کر نے کیساتھ ساتھ اپنی کرسی بچانے کیلئے ’’نیا راستہ ‘‘اختیار کر نے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف کے اعلی عہدیداروں نے اپنے خلاف تحقیقات کر وانے کے لیے ’’ دوستوں ‘‘ پر مشتمل کمیٹی بنادی ہے جس کا پہلا اجلاس پیر کی دوپہر 12بجے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہوگا اور کمیٹی چیف کوچ شہناز شیخ کی رپورٹ پرغور کرے گی ۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف نے خود کو’’ کلین چٹ ‘‘ دلوانے کے لیے چن چن کر منظور نظر لوگوں کو اس کمیٹی میں شامل کیاہے ۔

(جاری ہے)

اس کمیٹی میں شامل لوگوں میں ایک نام گزشتہ پیر کو فیڈریشن کے حق اور قومی کھلاڑیوں کے خلاف پریس کانفرنس کر نیو الے محمد اخلاق کا ہے ، 2010ء کے دہلی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کو آخری پوزیشن دلواکر بھارت میں پاکستان کو رسوا کروانے والے اور ٹیم سے اجتماعی استعفے لینے والے اس وقت کے کوچ شاہد علی خان بھی اس کمیٹی میں شامل ہیں ، 1994ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے ہیر و گول کیپر منصورعالم بھی اس کمیٹی میں شامل ہیں ۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم کی بنائی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے اپنی رپورٹ وزیر اعظم سیکریٹریٹ میں جمع کروادی ہے ،اس رپورٹ میں ہاکی فیڈریشن کو نااہل قرار دیا گیا ہے ۔