عید کے موقع پر لاہور سے ٹرینیں خالی روانہ اور کراچی سے بھر کر واپس آنے کی ہمیشہ سے روایت ہے ‘وفاقی وزیر ریلوے،لاہور سے جو ٹرین سات مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی کراچی سے لاہور اور دیگر شہروں کیلئے اسکی 370مسافروں کی بکنگ موجود ہے ‘ سعد رفیق

اتوار 12 جولائی 2015 22:25

عید کے موقع پر لاہور سے ٹرینیں خالی روانہ اور کراچی سے بھر کر واپس آنے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہمیشہ سے روایت رہی ہے کہ عید کے موقع پر لاہور سے ٹرینیں خالی روانہ اور کراچی سے بھر کر واپس آتی ہیں ،لاہور سے جو ٹرین سات مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی ہے کراچی سے لاہور اور دیگر شہروں کے لئے اسکی 370مسافروں کی بکنگ موجود ہے ۔ گزشتہ روز عید آپریشن کے سلسلہ میں لاہور سے سات مسافروں کی کراچی روانگی کے حوالے سے اپنے موقف میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختوانخواہ سے تعلق رکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد روزگار اور کاروبار کے سلسلہ میں برسوں سے کراچی میں مقیم ہے ۔

اس سے قبل عید کے موقع پر واشنگ لائن سے ٹرینیں خالی کراچی روانہ ہوتی تھیں اس مرتبہ ہم نے کوشش کی ہے کہ کچھ نہ کچھ مسافر ان ٹرینوں کے ذریعے سفر کریں تاکہ اخراجات کم ہو سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ 11جولائی کو لاہور سے جو ٹرین کراچی کیلئے 19مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی تھی واپسی میں اس میں مسافروں کی تعداد270تھی اور گزشتہ روز جو ٹرین سات مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی ہے اس کی کراچی سے لاہور اور دیگر شہروں کے لئے 370ٹکٹوں کی بکنگ موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس میں میرا کوئی قصور نہیں ہم نے تو عید کے موقع پر لوگوں کو سہولیات دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مال گاڑی کراچی خالی جاتی ہے اور وہاں سے بھرکر واپس آتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :