ضلعی زکوٰاۃ حیدرآباد کی جانب سے زکوٰۃ فنڈ سے 4 ہزار مستحقین کو فی مستحق 6 ہزار روپے گزارہ الاؤنس جاری کئے، زاہد قربان علوی

جمعہ 10 جولائی 2015 22:55

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جولائی۔2015ء) سندھ زکوٰاۃ کونسل کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈزاہد قربان علوی نے کہا ہے کہ ضلعی زکوٰاۃ حیدرآباد کی جانب سے زکوٰۃ فنڈ سے 4 ہزار مستحقین کو فی مستحق 6 ہزار روپے گزارہ الاؤنس بینظیر معاونت اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے سندھ بنک سے جاری کیے جارہے ہیں تاکہ غریب لوگوں کو چیک کی پریشانی سے بچایا جاسکے۔

وہ سندھی لینگویج اتھارٹی حیدرآباد کے ڈاکٹر این اے بلوچ ہال میں مستحقین کی مالی معاونت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی عبدالجبار خان ، پی پی پی ضلع حیدرآباد کے صدر زاہد علی بھرگڑی ، سینیئر نائب صدر امان اﷲ سیال ، ضلعی زکوٰۃ چیرمین حاجی شیر محمد پیرزادہ ، سید فیاض شاہ ، ضلعی زکوٰۃ آفیسر حیدرآباد عبداللطیف چنڑ ، سوشل ویلفیئر کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر زبیدہ تھیم بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

زاہد قربان علوی نے کہا کہ حکومت سندھ غریبوں بیواؤں اور معذوروں کی زکوٰۃ فنڈ کے ذریعے خصوصی مدد کر رہی ہے اور کراچی کے بعد حیدرآباد کے مستحقین کو سندھ بنک کے ذریعے اے ٹی ایم کارڈ کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ مستحق بغیر پریشانی اپنا وظیفہ حاصل کر سکیں اسی طرح محکمہ سوشل ویلفیر کے ادارے دارلاطفال ، معذور بچوں کا ادارہ اور آر سی اے ایچ کے خصوصی بچوں میں 3 ہزار روپے نقد کے علاوہ تیار کپڑے ، شوز ، کپ، بیگس، کاپیاں اور بیڈ شیٹس زکوٰۃ فنڈ سے فراہم کی جارہی ہیں، شرکاء نے اپنے خطاب میں کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا کہ ہر مستحق کو زکوٰۃ کی فراہمی یقینی ہو، غریب لوگوں کی خدمت کرنا عین عبادت ہے، شیر محمد پیرزادہ نے کہا کہ جسٹس(ر) زاہد قربان علوی کی کاوشوں اور نیک نیتی سے زکوٰۃ فنڈ کی رقم کی تقسیم شفاف طریقے سے جاری ہے جب کہ ضلع حیدرآباد کے 4 ہزار مستحقین میں سے 300 مستحقین کے شناختی کارڈ میں غلطی ہونے کی وجہ سے ان کے اے ٹی ایم کارڈ جاری نہیں ہو سکے ہیں جو کہ جلد ہی درستگی کے بعد جاری کیے جائیں گے، انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد ضلع کے 8 مدرسوں کو زکوٰۃ فنڈ دیا جارہا ہے جہاں بے سہارا بچے دینی تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ہسپتالوں میں بھی غریب مریضوں کے علاج کے لیے زکوٰۃ فنڈ کی فراہمی جاری ہے ۔

متعلقہ عنوان :