پیپلز پارٹی نے سندھ کو لوٹ کر کنگال کردیا ، ڈاکٹر قادر مگسی

پیر 6 جولائی 2015 16:38

سانگھڑ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) پیپلز پارٹی نے سندھ کو لوٹ کر کنگال کردیا ہے، متحدہ دہشت گرد پارٹی ہے اور اب پوری دنیا کہہ رہی ہے کہ متحدہ کے بدنام زمانہ را سے تعلقات ہیں اور دہشت گردی میں ملوث ہے، وزیراعظم نواز شریف صرف لاہور کے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں لہذا سندھ میں بھی خرچ کرے۔ یہ باتیں سندھ ترقی پسند پارٹی کے مرکزی چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے سانگھڑ میں افطار پارٹی کے بعد پریس کلب سانگھڑ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے ساتھ ہر دور میں ناانصافی کی گئی ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ دونوں نے سندھ کے وسائل کو لوٹا ہے جبکہ پیپلز پارٹی والوں نے تو سندھ کو لوٹ کر کنگال کردیا ہے۔ سندھی عوام اب ان لوٹ کھسوٹ کرنے والوں کو پہچان چکی ہے اور بلدیاتی الیکشن میں ان کو شکست فاش ہوگی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر قادر مگسی نے مزید کہا کہ ہم شروع سے کہتے آرہے ہیں کہ متحدہ دہشت گرد اور وطن دشمن پارٹی ہے اور اب پوری دنیا نے اسے دہشت گرد کہہ کر ہماری بات کو سچ ثابت کردیا ہے۔

ایم کیوایم کے ”را“ سے تعلقات ہیں اور ان کی فنڈنگ سے ملک میں دہشت گردی کی جارہی ہے۔ نامی گرامی درجنوں قتل کرنے والے ان کے ٹارگٹ کلرز پکڑے گئے ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ متحدہ دہشت گردوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرے اور کراچی سمیت سندھ بھر میں امن وامان قائم کیا جائے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ صالح جونیجو، ڈاکٹر حمید میمن، ضلعی صدر عبدالجبار جونیجو ودیگر بھی تھے۔