اسلام آباد ہائی کورٹ نے وکیل اغوا ء کیس میں سیکرٹری دفاع اور ڈائریکٹر آئی ایس آئی سے دوبارہ جواب طلب کرلیا

پیر 6 جولائی 2015 14:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے مغوی وکیل کی بازیابی کیلئے دائر کیس میں سیکرٹری دفاع کی عدم پیشی پر جاری کردہ توہین عدالت کے حکم کو ختم کرتے ہوئے سیکرٹری دفاع اور ڈائریکٹر آئی ایس آئی سے دوبارہ جواب طلب کرلیا ہے ۔ عدالت نے عدم پیشی پر سیکرٹری دفاع اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی کیخلاف توہین عدالت کے نوٹس جاری کئے عدالت نے کہا کہ تین جولائی کے عدالتی حکم سے کھیلنے کی کوشش کی جارہی ہے گزشتہ روز جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے مغوی وکیل حماد داندن کی بازیابی کیلئے کیس کی سماعت کی درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ راجہ حلیم خان عباسی جبکہ وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل افنان کریم کنڈی عدالت میں پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

راجہ حلیم خان عباسی نے عدالت کو بتایا کہ حماد داندن اگر کسی جرم میں ملوث ہے تو ہمیں بتایا جائے بجائے اغواء کے قانون کے مطابق جرم عائد کرکے اسے گرفتار کیاجائے دوسری صورت میں اس طرح کے ہتھکنڈوں سے ہمارے اداروں پر حرف آئے گا آفنان کریم کنڈی نے عدالت کو بتایا کہ وفاق کی جانب سے کیس کی پیروی وہ کرینگے اور وزارت دفاع سمیت آئی ایس آئی سے اس حوالے سے رابطہ کرینگے انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ اپنی جاری کردہ توہین عدالت کو واپس لے بعد ازاں عدالت نے اپنے جاری کردہ توہین عدالت کے حکم کو ختم کرتے ہوئے سیکرٹری دفاع اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی سے جواب طلب کرلیا ہے آئندہ سماعت کل بدھ کو ہوگی۔