اسلام آباد بلدیاتی الیکشن کیس،سپریم کورٹ کا ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو بل کی منظوری سے آگاہ کرنے کاحکم

پیر 6 جولائی 2015 14:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) سپریم کورٹ نے اسلام آباد بلدیاتی الیکشن کیس کی سماعت کرتے ہوئے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کوکل منگل تک حکومت سے بلدیاتی انتخابات سے متعلق قانون کے بل کی منظوری سے متعلق ہدایات لے کر آگاہ کرنے کاحکم دیدیا۔ پیر کو سپریم کورٹ میں اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کی سماعت ہوئی ۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ عید سے پہلے انتخابات کا قانون پارلیمنٹ سے منظور ہونا ممکن نہیں جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیئے کہ کیا اسلام آباد شہری تیسرے درجے کے ہیں ‘ کیا اسلام آباد کے شہریوں کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق نہیں‘ حکومت سے بل کی منظوری سے متعلق ہدایات لے کر آگاہ کیا جائے۔

بلدیاتی انتخابات ہمارے نہیں آئین کا تقاضا ہے قانون سازی ہو یا نہ ہو آئینی تقاضا پورا ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

عدالت میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے تیار ہیں حکومت قانون کے مسودے میں ترامیم کرنا چاہتی ہے۔ بل میں ترمیم ہوئی تو نئے سرے سے تمام کام کرنا پڑے گا۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیئے کہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ بلدیاتی انتخابات کا قانون بن جائے گا سینٹ نے بل میں ترمیم کی منظوری دی تو یہ دوبارہ قومی اسمبلی جائے گا۔

پچاس سال تک قانون نہ بنے تو کیا بلدیاتی الیکشن بھی نہیں ہونگے۔ جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ 25جولائی کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ہوتے نظر نہیں آتے سپریم کورٹ میں اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کیس کی سماعت کل منگل تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔