اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق صدر مشرف کے وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت

پیر 6 جولائی 2015 14:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت کرتے ہوئے غازی عبدالرشید قتل کیس کے مدعی ہارون الرشید کو نوٹس جاری کردیا‘ عدالت نے پرویز مشرف کا میڈیکل بورڈ کا ریکارڈ پیش کرنے کاحکم دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردی۔ پیر کو پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

پرویز مشرف کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ میڈیکل بورڈ نے پرویز مشرف کو سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا عدالت سیشن کورٹ کے جاری وارنٹ گرفتاری منسوخ کرے۔ جسٹس نور الحق قریشی نے استفسار کیا کہ پرویز مشرف کا طبی معائنہ کب کیا گیا تھا جس پر وکیل نے جواب دیا کہ میڈیکل بورڈ نے مشرف کا طبی معائنہ یکم اپریل کو کیا تھا۔ عدالت نے پرویز مشرف کے میڈیکل بورڈ کا ریکارڈ پیش کرنے کاحکم دیتے ہوئے غازی عبدالرشید قتل کیس کے مدعی ہارون الرشید کو نوٹس جاری کردیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی۔