کراچی، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرمنلز اور زبردستی زکواة، فطرہ لینے والے 5ملزمان کو گرفتار کرلیا

پیر 6 جولائی 2015 13:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرمنلز اور زبردستی زکواة، فطرہ لینے والے 5ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ، قائدآباد چوک کے قریب پولیس مقابلے کے بعد دوڈکیت گرفتارجبکہ ایس ایچ او شاہ لطیف زخمی ہوگئے۔جنجال گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے میٹروول کا رہائشی ہلاک ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی کرائم برنچ شاہجہان خان کے مطابق پیر آباد کے علاقے قصبہ موڑ میں پولیس کو اطلاع ملی کہ انجم شہزاد نامی شخص زبردستی زکواة، فطرہ جمع کررہا ہے، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے اسلحہ اور ہینڈ گرنیڈ برآمد کرلیا۔ ایس ایس پی کے مطابق ملزم کا تعلق مذہبی جماعت سے ہے اور اس پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی ملیرسٹی قمر احمد کے مطابق قائد آباد چوک کے قریب شہریوں سے لوٹ مار کی پولیس کو اطلاع ملی، جس پر علاقہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 2ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان برآمد کرلیا گیا، جبکہ کاروائی کے دوران ایس ایچ او شاہ لطیف بھی زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق سپرہائی وے پر جنجال گوٹھ کے قریب 1شخص کی لاش ملی، جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، مقتول کی شناخت عبدالرزاق کے نام سے ہوئی ہے جوکہ میٹروول کا رہائشی ہے۔

متعلقہ عنوان :