صوبائی وزیر زراعت نے مارکیٹ میں مکئی کی گرتی قیمتوں کا نوٹس لے لیا

پیر 6 جولائی 2015 13:34

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے مارکیٹ میں مکئی کی گرتی قیمتوں کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت جاری کی ہے کہ مکئی کی خریداری میں مل مالکان کی اجارہ داری ختم کرنے کیلئے انکے کارٹل توڑے جائیں۔انہوں نے ہدایت جاری کی کہ محکمہ کا عملہ مارکیٹ کا رخ کرے اور کسانوں کو نکا حق دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کو مکئی کی درست قیمت دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کوئی کاتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کسانوں کی حق تلفی نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ چند افراد کے فائدے کیلئے کسان کا نقصان برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ مل مالکان مارکیٹ میں اپنے گروہ بناکسان سے کوڑیوں کے بھاوٴ مکئی خریدنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسان کو پہلے ہی زرعی مداخل کی مد میں بہت پریشر برداشت کرنا ہوتا ہے اور جب اسکی محنت کا پھل ملنے کا وقت قریب آئے تو مل مالکان گروہ بنا کر قیمتیں گرا دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسان کی محنت کی کمائی لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ کسان چونکہ زیادہ وقت تک اپنی پیداوار کو سٹور نہیں کر سکتا اس لئے مل مالکان ان کا استحصال کرتے ہیں۔

وزیر زراعت نے کہا کہ کسانوں کی ہر صورت انکی محنت کا صلہ ملنا چاہیے۔ انہوں نے محکمہ زراعت، زرعی مارکیٹینگ اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ بازار میں مکئی کی حقیقی قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور مل مالکان کے گروہ توڑے جائیں جو کم قیمتیں مقرر کر رہے ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ کسانوں کا استحصال روکا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انہیں مکئی کی درست قیمتیں ملیں۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کو انکی محنت کا اجر دلانا کار ثواب بھی ہے۔ محکمے کا عملہ اس مقصد کیلئے پوری مستعدی سے کام کرے اور بازار سے اجارہ داری کا خاتمہ کیا جائے۔