> لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے بھانجے رافع بشیر شاہ کی ڈائریکٹر حج جدہ کے عہدے میں توسیع کے خلاف دائر درخواست پر فریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 6 جولائی 2015 13:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت نے خورشید شاہ کے بھانجے رافع بشیر شاہ کے عہدے میں میرٹ کے برعکس اورسیاسی بنیادوں پرتوسیع کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم انسپکشن ٹیم کی رپورٹ موجود ہے کہ رافع بشیر شاہ نے حج آپریشن میں 76کروڑ روپے کی کرپشن کی لہذا انکے عہدے میں کی جانے والی توسیع ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ گذشتہ سال کامیاب اور مثالی حج کرانے پر رافع بشیر شاہ کے عہدے میں توسیع کی گئی ہے۔ڈُپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ نئے ڈائریکٹر حج کی تعیناتی جلد کی جائے گی.جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ عوامی مفاد,کا معاملہ ہے عدالت اس معاملے کاجائزہ لے گی ۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت سات جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔