اسلام آباد ہائی کورٹ غازی عبدالرشید قتل کیس

سابق صدر پرویز مشرف کو میڈیکل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم ، فریقین کو نوٹس جاری

پیر 6 جولائی 2015 12:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں ضلعی عدالت کی جانب سے جاری ناقابل ضما نت وارنٹ گرفتاری کے فیصلے کے خلاف دائر کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو میڈیکل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔ پیر کے روز جسٹس نورالحق این قریشی پر مشتمل سنگل بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔

درخواست گزار کے وکیل ملک طاہر محمود نے عدالت میں پیش ہو کر موقف اپنایا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت کی خصوصی ہدایت پر بننے والے میڈیکل بورڈ میں پرویز مشرف کا طبعی معائنہ کرنے کے بعد انہیں سفر کرنے سے منع کیا ۔ اسی بنیاد پر خصوصی عدالت انہیں حاضری سے استثنیٰ دے چکی ہے ۔ لیکن اسلام آباد کی ماتحت عدالت نے مذکورہ رپورٹ کے باوجود ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں ۔

(جاری ہے)

عدالت نے ملک طاہر محمود سے پوچھا کہ میڈیکل بورڈ کی سفارشات کے حوالے سے ابھی ایکشن لیا گیا ہے یا نہیں ۔سابق صدر پرویز مشرف کے حوالے سے علاج شروع ہوا یا نہیں ۔ملک طاہر محمود نے جواب دیا کہ انہیں کچھ معلوم نہیں ہے۔ بعدازاں عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کو میڈیکل ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ۔آئندہ سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دی ۔