کولمبومیں انڈیا، پاکستان کے سٹہ ایجنٹ گرفتار

پیر 6 جولائی 2015 12:13

کولمبومیں انڈیا، پاکستان کے سٹہ ایجنٹ گرفتار

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء)سری لنکا کے انسداد کرپشن یونٹ نے لمبو میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستان اور بھارت میں سرگرم جواریوں کے ایجنٹ پکڑ لیے تاہم پکڑے گئے ملزمان کو متعلقہ مقامی قوانین نہ ہونے کی وجہ سے رہا کر دیا گیا۔انسداد کرپشن یونٹ کے سربراہ ریٹائرڈ پولیس سپریٹنڈنٹ لکشمن ڈی سلوا نے بتایا کہ کولمبو میں کھیلے گئے دوسرے میچ کے دوران انہوں نے پاکستان اور انڈیا میں بکیوں کو میچ کے مسلسل اپ ڈیٹ دینے والے دو پاکستانیوں اور تین بھارتیوں سے تحقیقات کیں۔

نیشنل انٹیلی جنس بیورو کے سابق ڈائریکٹر ڈی سلوا نے بتایا کہ ہم میچ کے دوران نگرانی کر رہے تھے جب تین بھارتیوں پر نظر پڑی جو اپنے موبائل فونز کے ذریعے خفیہ انداز میں مسلسل کمنٹری کر رہے تھے بعد میں ہم نے ایسی ہی حرکت کرنے والے دو پاکستانیوں کو بھی گرفتار کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ سپاٹ بیٹنگ کیلئے کمنٹری کے ذریعے انڈیا اور پاکستان میں بکیوں کی مدد کی جا رہی تھی۔

’ہم نے یہ بھی جاننے کی کوشش کی کہ آیاگرفتار لوگوں کے مقامی ایجنٹوں، کرکٹ حکام یا کھلاڑیوں سے روابط تو نہیں۔ڈی سلوا نے بتایا کہ سری لنکا میں بیٹنگ غیر قانونی ہے بہرحال ہمارے ملک میں اس حوالے سے قوانین کمزور ہیں ہم نے میچ ٹکٹوں کے پیچھے میدان میں بیٹنگ پر پابندی سے متعلق قانون پرنٹ کر رکھا ہے اس صورتحال میں ہم یہی کر سکتے تھے کہ ان گرفتار افراد کے کوائف ریکارڈ کرنے کے بعد انہیں میدان بدر کرتے ہوئے آئندہ موجودہ سیریز کے دوران تمام میدانوں میں آنے پر پابندی لگا دیں۔انسداد کرپشن یونٹ کے سربراہ نے بتایا کہ انہیں معلوم ہوا کہ گھوڑوں اور کتوں کی ریسوں میں مقامی کرکٹروں کا نام استعمال کرتے ہوئے جوا کھیلا جا رہا تھا۔