پالی کیلے ٹیسٹ ، سری لنکا نے پاکستان کو سیریز اپنے نام کر نے کے لیے 377 رنز کا ہدف دیدیا

پیر 6 جولائی 2015 11:36

پالی کیلے ٹیسٹ ، سری لنکا نے پاکستان کو سیریز اپنے نام کر نے کے لیے 377 ..

پالی کیلے(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار6جولائی۔2015ء)سری لنکا نے پاکستان کو پالی کیلے ٹیسٹ جیتنے کے لیے 377 رنز کا ہدف دے دیا ہے ۔ پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز کیا تو کپتان انجیلو میتھیوز 77 اور چندیمل 39 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چھٹی وکٹ پر 117 رنز کی شراکت قائم ہوئی تو 278 کے مجموعے پر چندیمل 67 رنز بنانے کے بعد پویلین عمران خان کا شکار ہوگئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز دھمیکا پرساد بھی اگلی ہی گیند پر عمران خان کا شکار بننے کے بعد پویلین لوٹ گئے جب کہ تھرندو کشال 8 رنز ہی بنا سکے۔

لنکن کپتان پاکستانی بولروں کے سامنے مضبوط دیوار ثابت ہوئے اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری سکور کر ڈالی ۔

(جاری ہے)

سرنگا لکمل بھی بغیر رن سکور کیے عمران خان کے ہاتھوں پوویلین لوٹے ، میزبان ٹیم کے آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان میتھیوز تھے جو 122 رنز کی شاندار اننگز کے بعد عمران خان کا 5 واں شکار بنے اور یوں پوری لنکن ٹیم 313 رنز بنا کر پوویلین سدھاری اور پاکستان کو تیسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کے لیے 377 رنز کا ہدف ملا ، پاکستان کی جانب سے عمران خان نے 5،راحت علی نے 3، یاسر شاہ نے 2 جبکہ احسان عادل نے 1 وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ سری لنکا نے اپنی پہلے اننگز میں 278 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 215 رنز بنا سکی۔