ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام کے متعلق معاہدہ اس ہفتے میں ممکن ہے،جان کیری

اتوار 5 جولائی 2015 23:45

ویانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 جولائی۔2015ء)امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام کے متعلق معاہدہ اس ہفتے میں ممکن ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق ویانا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جان کیری نے خبردار بھی کیا کہ دونوں فریق کئی مختلف امور پر اس جگہ نہیں ہیں جہاں ہمیں ہونا چاہیئے۔‘مذاکرات کی حتمی تاریخ سات جولائی ہے۔

جمعے کو ایران کے وزیرِ خارجہ نے کہا تھا کہ معاہدہ کبھی اتنا قریب نہیں آیا تھا۔جان کیری کا کہنا تھا کہ ’اگر اگلے چند دنوں میں مشکل فیصلے کر لیے گئے اور جلدی کر لیے گئے تو ہم اس ہفتے معاہدہ کر سکیں گے۔‘انھوں نے کہا کہ چند دنوں میں ’صحیح پیشرفت‘ ہوئی ہے۔لیکن امریکہ مذاکرات چھوڑ کر جانے کے لیے بھی تیار ہے ’اگر ہمارے درمیان کوئی معاہدہ نہیں ہوتا اور اہم چیزوں ہر پیش رفت کے متعلق بالکل ہٹ دھرمی اور تامل رہتا ہے۔

(جاری ہے)

‘پی 5 پلس 1 نامی گروپ، جس میں امریکہ، برطانیہ، فرانس، چین، روس اور جرمنی شامل ہیں، چاہتا ہے کہ ایران اپنی حساس جوہری سرگرمیوں کو کم کر دے اور اس بات کی یقین دہانی کرائے کہ وہ جوہری ہتھیار نہیں بنائے گا۔اس کے عوض ایران چاہتا ہے کہ بین الاقوامی تجارتی پابندیاں ہٹا دی جائیں اور اس کا اصرار ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے۔ایران کے وزیرِ خارجہ جاوید ظریف نے جمعے کو کہا تھا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے جامع معاہدے کے جتنا قریب اب ہے ماضی میں کبھی نہیں تھا۔تاہم ایرانی وزیرِ خارجہ نے اپنے ویڈو پیغام میں جوہری مذاکرات میں’جبر اور دباوٴ‘ کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔