افغان پارلیمنٹ پر طالبان کا حملہ ناکام بنانے والے فوجی اہلکار کو گرفتارکرلیا گیا

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 5 جولائی 2015 23:14

افغان پارلیمنٹ پر طالبان کا حملہ ناکام بنانے والے فوجی اہلکار کو گرفتارکرلیا ..

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5جولائی۔2015ء) افغان پارلیمنٹ پر طالبان کے حملے کو ناکام بناکر قومی ہیروکی حیثیت اختیار کرجانے والے فوجی اہلکارعیسیٰٰ خان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 22 جون کو افغان پارلیمنٹ پر طالبان کی جانب سے ایک خود کش کار بم حملہ کیا گیا جس کے بعد حملہ آوروں نے پارلیمنٹ کی عمارت میں گھسنے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی پر مامور فوجی اہلکاروں نے نکام بنادیا، اس حملے میں 2 افراد ہلاک اور 40 کے قریب زخمی ہوئے تھے تاہم حملہ آور پارلیمنٹ میں گھسنے میں ناکام رہے اورتمام شدت پسند مارے گئے تھے۔

افغان پارلیمنٹ کی سیکیورٹی پر مامو عیسیٰ خان نے اس واقعے میں 7 میں سے 6 حملہ آوروں کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا جس کے بعد وہ راتوں رات ایک سپر ہیرو کی حیثیت سے سامنے آیا اورپورے ملک میں عیسیٰ کے پوسٹر اور بڑے بڑے بل بورڈز لگا کر اسے خراج تحسین پیش کیا گیا جب کہ افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے 28 سالہ عیسیٰ خان کو قوم کا بہادر بیٹا قراردیا گیااور اسے فوج میں ترقی دینے کے علاوہ صدارتی محل میں بلا کر فلیٹ کی چابیاں بھی دی گئیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب عیسیٰ خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ اس حملے کے پیچھے پاکستان ہے جب کہ پاکستان کی جانب سے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ابھی اس واقعے کو گزرے صرف چند ہی گزرے کہ اس قومی ہیرو کو ایک ملزم کی حیثیت سے گرفتار کرلیا گیا ،غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق عیسیٰ خان کو کابل میں ہونے والے ایک ٹریفک حادثے میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار گیا جس میں ایک شخص اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

پولیس کے مطابق حادثے کے وقت عیسیٰ خان ایک ٹرک چلا رہا تھا جو کہ اسے چند روز قبل ہی ملک کے نائب صدر اور سابق جنگجو کمانڈر عبدالرشید دوستم کی جانب سے اس کی بہادری کے اعتراف میں انعام کے طور پر دیا گیا تھا،حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے جب کہ افغان فوج کی جانب سے کسی قسم کا بیان سامنے نہیں آیا۔

متعلقہ عنوان :