وفاقی تعلیمی بورڈ نے غلطی تسلیم کر لی، آرمی پبلک سکول کے تمام طلبہ پاس کر دیئے

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 5 جولائی 2015 20:30

وفاقی تعلیمی بورڈ نے غلطی تسلیم کر لی، آرمی پبلک سکول کے تمام طلبہ ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5جولائی۔2015ء)وفاقی تعلیمی بورڈ نے دہشتگردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے آرمی پبلک سکول کے پینتیس بچے میٹرک امتحان میں فیل کر دئیے۔ دنیا نیوز کی خبر پر غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے تمام بچوں کو پاس کر دیا۔فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری اسلام آباد نے آرمی پبلک سکول کے سانحے میں زخمی ہونے والے 35 طلبہ کو پریکٹیکل میں غیر حاضر ہونے پر فیل کر دیا۔

اپنی فریاد لے کر دنیا نیوز پشاور کے آفس آنے والے اے پی ایس کے طلبہ کا کہنا تھا کہ 25 اپریل کو عمرہ پر جانے کی وجہ سے ان کے پریکٹیکل مقررہ تاریخ سے پہلے ہی لے لئے گئے تھے لیکن گزشتہ روز آنے والے رزلٹ میں 35 میں سے اکثر طلبہ کو ایک، کسی کو دو اور کسی کو تینوں میں ہی غیر حاضر ظاہر کیا گیا۔

(جاری ہے)

طلبہ کے والدین کا کہنا تھا کہ سکول انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ سانحہ آرمی پبلک سکول کے زخمی طلبہ کو اضافی نمبر بھی دیئے جائیں گے لیکن اضافی نمبر تو ایک طرف نہیں پریکٹیکل سے غیر حاضر ہی کر دیا گیا۔

طلبہ کے والدین کا کہنا تھا کہ اگر ان کا مسئلہ حل نہ ہوا تو عدالت سے رجوع کریں گے۔ تاہم دنیا نیوز کی خبر پر وفاقی تعلیمی بورڈ کے حکام کو ہوش آ گیا اور اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے تمام بچوں کو پاس کر دیا۔