کوئٹہ، باچا خان چوک کے قریب دھماکہ ، ایک شخص ہلاک ،3 خواتین اور 2 بچو ں سمیت 19 زخمی ،دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، دھماکے سے قریبی دکانوں اور عمارتوں کو بھی نقصا ن پہنچا ،متعددموٹر سائیکلیں تباہ ،سیکیورٹی فورسز کا علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن ، مشکوک شخص گرفتار، تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل ،وزیر اعلیٰ بلوچستان کی دھماکے کی مذمت۔ اپ ڈیٹ

اتوار 5 جولائی 2015 19:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 جولائی۔2015ء) کوئٹہ میں باچا خان چوک کے قریب دھماکہ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 3 خواتین اور 2 بچو ں سمیت 19 زخمی ہو گئے‘ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کے دوران ایک مشکوک شخص کو گرفتار کر کے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا‘۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ و دیگر کا دھماکہ پر اظہار مذمت ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو کوئٹہ شہر کی مرکزی شاہراہ پر واقع باچا خان چوک کے قریب ایک زور دار بم دھماکہ ہوا جس کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دی گئیں۔ جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق3 خواتین اور 2 بچوں سمیت 19 افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 3کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ اس کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنائی دی جبکہ قریبی دکانوں اور عمارتوں کو بھی نقصا ن پہنچا جبکہ سڑک پر کھڑی کئی موٹر سائیکلیں بھی تباہ ہو گئیں۔ دھماکہ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا اور اس دوران خفیہ اداروں نے ا یک مشکوک شخص کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

جبکہ ادھر ذ رائع کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر قوم کے اتحاد کو پارہ پارہ نہیں کر سکتے انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔