پشاور کے ہسپتالوں سے نومولود بچوں کے اغواء کا سلسلہ پھر شروع ہو گیا،دوبئی کے رہائشی شخص کا بچہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال سے اغواء‘ پولیس نے ہسپتال کی خاتون گارڈ کو گرفتار کرلیا

اتوار 5 جولائی 2015 19:05

پشاور کے ہسپتالوں سے نومولود بچوں کے اغواء کا سلسلہ پھر شروع ہو گیا،دوبئی ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 جولائی۔2015ء) دنیا میں آنے والاایک نومولود بچہ جسے ابھی پیدا ہوئے3دن ہی ہوئے تھے کو دنیا میں موجود درندہ صفت لوگوں نے اغوا کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں رہنے والے ایک شخص کا کوہاٹ کے ایک پرائیویٹ کلینک میں بچہ پیدا ہوا جسے بعد میں طبیعت خراب ہونے کے باعث خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں منتقل کر دیا گیا جہاں سے بچہ اغوا کر لیا گیا۔

پولیس کو تفتیش کے دوران بچے کے انکل اور آنٹی جو بچے کو ہسپتال لے کر آئے تھے، نے بتایا کہ وہ کھانا کھانے ہسپتال سے باہر گئے اور جب واپس آ کر دیکھا تو بچہ وارڈ سے غائب ہو چکا تھا۔ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے پولیس کو فراہم کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پتہ چلا کہ ایک نقاب پوش عورت وارڈ میں کسی کے موجود نہ ہونے کا فائدہ اٹھا کر داخل ہوتی ہے اور ونٹیلیٹر اتار کر بچے کو اٹھا کر وہاں سے چلی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

ہسپتال میں موجود خاتون گارڈ سے اس معاملے کے بارے میں پوچھا گیا تو اس نے بتایا کہ وہ واقعے کے وقت نماز پڑھنے گئی ہوئی تھی مگرجانے سے پہلے اس نے داخل ہونے والی عورت سے بات چیت کی تھی تاہم مزید تفتیش کے لیے خاتون گارڈ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دریں اثناء پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی آر درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :