توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے ساہیوال میں1320میگاواٹ کے کول پراجیکٹس درست سمت قدم ہے، ظہیر بھٹہ

کول پاور پراجیکٹ پیشرفت پر وزیراعلیٰ کی طرف سے ہر 15دن بعد جائزہ منصوبہ کی جلد تکمیل کا باعث بنے گا

اتوار 5 جولائی 2015 15:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 جولائی۔2015ء) چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی وایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ظہیر بھٹہ نے توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے ساہیوال میں 1320میگا واٹ کے کول پراجیکٹس کو درست سمت قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام اور صنعتکار طبقہ پریشانی کا شکار ہے ،توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے تمام تر دستیاب وسائل کو فی الفور استعمال کیاجائے تاکہ ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوسکے اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوسکے۔

ان خیالا ت کا انہوں نے سینئر وائس چیئرمین خالد افضل شیخ ،وائس چیئرمین نعمان حسین کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں کول پاور پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے پیشرفت پر وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے ہر 15دن بعد جائزہ منصوبہ کی جلد تکمیل کا باعث بنے گا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کی توانائی منصوبہ میں ذاتی دلچسپی ،منصوبہ پر تیز رفتار ی اور شفافیت کے ساتھ عملدرآمد کیا جائے تو پنجاب میں توانائی بحران پر خاطر خواہ حد تک قابو پایا جاسکتا ہے ۔

ظہیر بھٹہ نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے پنجاب حکومت کی سنجیدہ کوششیں ضرور برآور ثابت ہونگی، ملک کے اندر توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے پاور منصوبوں کی تکمیل سے صنعتیں اپنی پوری پیداواری صلاحیت کے مطابق کام کریں گی ۔ توانائی بحران کے خاتمہ سے حکومت کا صنعتی ترقی کا ویژن مکمل ہوگا اور حکومت کا صنعتی لحاظ سے پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔

متعلقہ عنوان :