` جھنگ یونیورسٹی کو بہتر اندازمیں چلانے کے لئے انتظامی ڈھانچہ تشکیل دے دیا ‘ راشدہ یعقوب شیخ `

اتوار 5 جولائی 2015 14:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 جولائی۔2015ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ راشدہ یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ جھنگ یونیورسٹی کو بہتر اندازمیں چلانے کے لئے انتظامی ڈھانچہ تشکیل دے دیا گیا ہے ۔جھنگ یونیورسٹی میں اکیڈمک کونسل قائم کی جائے گی ۔ اکیڈمک کونسل کے اختیارات اور فرائض کا تعین بھی کردیا گیا ہے ۔ سنڈیکٹ یونیورسٹی کی ایگزیکٹو باڈی تصور ہوگی۔

سنڈیکٹ کی اجازت کے بغیر فیس میں اضافہ نہیں ہوسکے گا۔ یونیورسٹی میں بور ڈ آف فیکلٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سلیکشن بورڈ ملازمین کی تقرری اور ترقی کا جائزہ لے گا۔ فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی یونیورسٹی کے مالی مسائل حل کرے گی۔ جھنگ یونیورسٹی قانون کے مطابق اپنا کیمپس قائم کرنے کا بھی اختیار رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

رجسٹرار تین سال کے لئے تعینات کیا جائے گا ۔

جھنگ میں قائم ہونے والی یونیورسٹی میں طالب علموں کو جدید سہولتیں فراہم کریں گے۔نوازشریف اور شہبا زشریف علم دوست اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے نوجوان باصلاحیت ،ذہین اور پاکستان کا مستقبل ہیں۔ نئی نسل کو جدید علوم سے آراستہ کر کے ملک کو بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق جدید اسلامی فلاحی ریاست بنایا جاسکتا ہے ۔تعلیم ہر پاکستانی بچے کا حق ہے اور حکومت یہ حق اسے دے رہی ہے جھنگ یونیورسٹی کے قیام کا فیصلہ اسی سلسہ کی کڑی ہے ۔ اس کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی یونیورسٹیاں قائم کی جارہی ہیں۔ہونہار طالب علموں کو جدید سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔`