ہربے گھرافراد کو چھت فراہم کریں گے‘وزیراعظم آزاد کشمیر

آزادکشمیر کی سرکاری اراضی کوقبضہ مافیا اور ناجائز قابضین سے واگزارکرواکر تمام بے گھر،غریب ، نادار اور مستحق افراد کومفت رہائشی پلاٹ دیں گے حکومت نے جوحکمت عملی اختیارکررکھی ہے اس سے کوئی غریب،نادار، لاوارث شخص بے گھرنہیں رہے گا‘چوہدری عبدالمجید

اتوار 5 جولائی 2015 14:18

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 جولائی۔2015ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ آزادکشمیر کی سرکاری اراضی کوقبضہ مافیا اور ناجائز قابضین سے واگزارکرواکر تمام بے گھر،غریب ، نادار اور مستحق افراد کومفت رہائشی پلاٹ دیں گے اورہربے گھرافراد کو چھت فراہم کریں گے۔ آزادکشمیرکے مہاجرین اور بکروال قبیلہ کوحقوق مالکانہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے دیئے ہیں حکومت نے جوحکمت عملی اختیارکررکھی ہے اس سے کوئی غریب،نادار، لاوارث شخص بے گھرنہیں رہے گا۔

وزیراعظم نے ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ رمضان المبارک کے دوران پرائس کنٹرول کمیٹی کی مانیٹرنگ کو موثربنائیں تاکہ غریب عوام کو رمضان المبارک میں سستے داموں روزمرہ کی اشیاء کی فراہمی ممکن ہوسکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانھوں نے ڈویژنل وضلعی انتظامی افسران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمشنرمیرپورڈویژن راجہ امجدپرویز علی خان، ڈپٹی کمشنرچوہدری محمدطارق، اسسٹنٹ کمشنرراجہ قیصر اورنگزیب ،افسرمال چوہدری محمدراسب، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمدجاوید ملک بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اہلیان میرپورکے جملہ معاملات ترجیح بنیادوں پر حل کریں اورانھیں ہرممکن ریلیف فراہم کریں۔ دریں اثناء وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجید نے مقبوضہ کشمیرمیں پاکستانی پرچم لہرانے پربھارتی فورسز کی طرف سے ریاست جموں وکشمیرکے عوام پروحشیانہ تشدداور گرفتاریوں کی شدید مذمت کی اور کہاکہ پاکستان اہل کشمیرکی منزل ہے ۔

بھارت کے قابض غاصب حکمران کشمیریوں کو اس منزل سے دورنہیں رکھ سکتے۔وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیرکے عوام کورمضان المبارک میں مذہبی رسومات کی ادائیگی پرپابندی عائد کرنے کی بھارتی حکمرانوں کی شدید مذمت کی اور دنیامہذب ممالک سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں ریاست جموں وکشمیر کے عوام کوبھارتی فورسز کے وحشیانہ تشدد سے محفوظ بنائیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی طرف سے تحریک آزادی کشمیرپرمضبوط موقف اختیارکرنے پرزبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ بلاول بھٹوزرداری کے مضبوط موقف سے ریاست جموں وکشمیر کے عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔

دریں اثناء وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے پیپلزپارٹی کی طرف سے یوم سیاہ منانے کے موقع پرکہاکہ پیپلزپارٹی عقیدے اور نظریے کی سیاست کرتی ہے آزادکشمیرمیں ہم نے سیاسی کلچرتبدیل کردیاہے اب سیاست صرف میرٹ اورکارکردگی پرہوگی۔ کھوکھلے نعرے لگانے والے اپنے عزائم میں ناکام رہیں گے۔ انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لیے جومیگاپراجیکٹس دیئے ہیں اس سے آزادخطہ معاشی خوشحالی کے ٹریک پرآگیاہے عوام خوشحالی کے اس ایجنڈے کو ڈی ٹریک کرنے کی سازش کوناکام بنادیں گے۔ خدمت خلق ہماری سیاست کا محوراورمرکز ہے ۔ پیپلزپارٹی کی حکومت خدمت کے اس ایجنڈے کو مکمل کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :