کیربیئن پریمیئر لیگ، نیوس پیٹریاٹس نے جمیکا اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو نے گیانا کو ہرا دیا

اتوار 5 جولائی 2015 13:50

کیربیئن پریمیئر لیگ، نیوس پیٹریاٹس نے جمیکا اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو ..

سینٹ کٹس۔05جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 جولائی۔2015ء) کیربیئن پریمیئر لیگ میں سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس نے جمیکا تلاواز اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو نے گیانا ایمزون واریئرز کو شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق لیگ کے 13 ویں میچ میں سینٹ کٹس اینڈ پیٹریاٹس نے جمیکا تلاواز کو 119 رنز کے بڑے مارجن سے زیر کیا۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔

ایون لوئس نے چھ چھکوں کی مدد سے 82 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ کارلوس براتھویٹ 36 اور مارٹن گپٹل 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ شاہد آفریدی 14 رنز بنا سکے۔ جمیکا کی ٹیم قائد کرس گیل کے جلد آؤٹ ہو جانے کے بعد ہمت ہار گئی اور پوری ٹیم 16 اوورز میں 80 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کرس لینن 20 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔

(جاری ہے)

تبریز شمسی نے چار، شیلڈن کاٹریل نے تین اور شاہد آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ایون لوئس کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ لیگ کے 14 ویں میچ میں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو نے گیانا ایمزون واریئرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے ہرا دیا۔ گیانا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.4 اوورز میں 118 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ لینڈل سمنز نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان ڈوئن براوو نے چار، جیک کیلس اور کیون کوپر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ٹرینیڈاڈ نے ہدف 19.5 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کامران اکمل 30 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ دیویندرا بشو نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔