کراچی، مختلف علاقوں سے تین عالمی منشیات فروش اوردو ٹارگٹ کلرز سمیت 7 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور منشیات برآمد

گرفتار ٹارگٹ کلرز پولیس،رینجرز اور سیاسی جماعت کے کارکنوں کے قتل میں ملوث ہیں ٗپولیس حکام

اتوار 5 جولائی 2015 13:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 جولائی۔2015ء) پولیس نے مختلف علاقوں سے تین عالمی منشیات فروشوں اوردو ٹارگٹ کلرز سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمدکرلی ہے ۔تفصیلات کے مطابق رضویہ پولیس نے کارروائی کرکے دو ٹارگٹ کلرز گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلرز پولیس،رینجرز اور سیاسی جماعت کے کارکنوں کے قتل میں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

لانڈھی شیرپا کالونی مولامدد قبرستان کے قریب اے وی سی سی پولیس اور ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا۔ مقابلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جس کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوا ہے۔ نیو کراچی صنعتی ایریا میں پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ملزم ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ کرائم برانچ نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے تین عالمی منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیاہے۔ ایس ایس پی کرائم برانچ کے مطابق منشیات فروشوں کے قبضے سے پانچ کلو منشیات اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔