آل رسول صلی الله علیہ وآلہ وسلم سے محبت ‘ عقیدت ایمان کا حصہ ہے ۔حاجی اکرم انصاری

ہفتہ 4 جولائی 2015 22:43

فیصل آباد۔4جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء)ایم این اے حاجی اکرم انصاری نے کہا ہے کہ آل رسول صلی الله علیہ وآلہ وسلم سے محبت ‘ عقیدت ایمان کا حصہ ہے ۔نواسہ رسول کی عقیدت کے بغیر جنت کا حصول ناممکن ہے ۔ حضرت امام حسن علیہ السلام اور حضرت امام حسین علیہ السلام نوجواناں جنت کے سردار ہیں جنہوں نے اپنے نانا حضرت محمد صلی الله علیہ وآلہ وسلم کے دین سربلندی ‘ حق و صداقت کے لئے کے لازوال قربانیاں دی ہیں ۔

اسلام کی بنیادوں میں آل رسول کا پاک و متبرک خون شامل ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پروٹیکشن ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام قائد اعظم ہال ضلع کچہری میں یوم ولادت حضرت امام حسن علیہ السلام کے موقع پر ” سفیر امن سیمینار و ایوارڈکے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم پی اے میاں طاہر جمیل ‘ چیئرپرسن پروٹیکشن ہیومن رائٹس سیدہ افشاں بتول‘جنرل سیکرٹری حسن نجمی ‘حنا راجپوت ‘پروفیسر ڈاکٹر ظفر حسین ظفر ‘ملک بشیر احمد ‘مخدوم فرخ نقوی دیگر موجود تھے ۔

حاجی اکرم انصاری نے پروقار اور پرنور تقریب کے انعقاد پر پروٹیکشن ہومین رائٹس کے عہدیداروں اور اراکین کو مبارک باد دیتے ہوئے کاوشوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ایم پی اے میاں طاہر جمیل نے کہا ہے کہ حضرت امام حسن علیہ السلام امن و محبت ‘ علم و حلم ‘ زہد و تقوی اور لاتعداد اصاف کے عظیم پیکر تھے ۔ان کی سیرت و کردار اپنا کر نجات حاصل کی جا سکتی ہے ۔

پروفیسر ڈاکٹر ظفر حسین ظفرنے کہا کہ حضرت سیدنا امام حسن علیہ السلام صورت میں سر سے لیکر ناف تک سرور کائنات ﷺ کے مشابہہ تھے۔آپ علیہ السلام نے اپنی حیات مبارکہ میں پچیس پیدل حج فرمائے۔حضرت امام حسن علیہ السلام کے ہونٹوں کی سرخی کو دیکھ کررسول اکرمﷺ تبسم اور خوش ہوا کرتے تھے ۔حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ میرا بیٹے حسنین کریمین علیہ السلام سردار جنت ہے۔

جس نے ان سے پیار کیا گویا اس نے مجھ سے پیار کیا ۔ حضرت امام حسن رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو نبی کریم ﷺ اپنے کندھوں پر سوار فرمایا کرتے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ حضرت حسنین کریمین کی حیات کو اپنا کر خیر و فلاح حاصل کی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اندر جذبہ حسنی و حسینی پیداکرنے کی اشد ضرورت ہے ۔تقریب کے اختتام پر امن کے حوالے سے نمایاں خدمات انجام دینے والوں میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے گئے۔