پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے ہر بچے کو تعلیم تک یکساں رسائی مہیا کی ہے:ڈاکٹر انیلہ سلمان

ہفتہ 4 جولائی 2015 16:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ڈاکٹر انیلہ سلمان نے کہا ہے کہ مفت تعلیم کے منصوبے بے وسیلہ بچوں کی تعلیم تک رسائی آسان بنانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن 2018 تک 28 لاکھ آؤٹ آف سکول اور ڈراپ آؤٹ بچوں کے پارٹنر سکولوں میں داخلہ کے حوالے سے پوری سرگرمی سے مصروف عمل ہے تاکہ کوئی بچہ سکول سے باہر نہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے،بچوں کو اس حق کی فراہمی کے لئے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے 36 اضلاع میں نجی سکولوں سے پارٹنر شپ کرکے ضرورت مند گھرانوں کی دہلیز پر تعلیم کی سہولت مہیا کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کی افادیت کے پیش نظر اسے مربوط انداز سے ڈیزائن کیا جائے تاکہ پارٹنر سکینڈری سکولوں کے طالب علم گرمیوں کی چھٹیوں میں مختلف پیشہ وارانہ کورسز کے ذریعے اپنا معاشی مستقبل محفوظ کر سکیں،اس طرح ملک کو ٹرینڈ ہیومن ریسورس بھی میسر آئے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس نے ایوننگ سکولنگ پروگرام کو بچہ مزدور ی کے خاتمہ میں اہم قرار دیا اور کہا کہ اس طرح تعلیم کے ذریعے ان بچوں کی زندگی میں خوشیاں نیا رنگ لے کر آئی ہیں۔ایم ڈی ڈاکٹر انیلہ سلمان نے پیف کے تعلیمی منصوبوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 17 لاکھ طالب علموں میں طالبات کا تناسب45 فیصد سے زائد ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری بچیوں میں تعلیم کی بے پناہ لگن موجود ہے،ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں تعلیم تک یکساں رسائی کے مواقع مہیا کئے جائیں۔

اجلاس نے پیف کے ٹیچرز ٹریننگ پروگرامز کو پارٹنر سکولوں کے اساتذہ کی تعلیمی استعداد بہتر بنانے میں اہم قرار دیا اور کہا کہ ان تربیتی مواقع سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے نجی سکولوں کا معیار تعلیم بہتر ہوا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایجوکیشن وؤچر سکیم سے منسلک سکولوں کی الیکٹرانک حاضری کے ماہانہ نظام کے بارے میں تربیت لاہور،ملتان اور راولپنڈی میں شروع کر دی گئی ہے۔اجلاس میں ڈی ایم ڈی (فنانس) سلمان انور ملک اور پروگرام ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔