پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے پارٹنر سکولوں کی سہولت کے لیے سکول امپروومنٹ پروگرام لانچ کر دیا

ہفتہ 4 جولائی 2015 16:26

لاہور۔4جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء)منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ڈاکٹر انیلہ سلمان نے کہا ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے تعلیمی لحاظ سے ضرورت مند پارٹنر سکولوں کی سہولت کے لیئے سکول امپروومنٹ پروگرام لانچ کر دیا ہے،پروگرام کا مقصد منتخب سکولوں کی تعلیمی ضروریات کو مد نظر رکھ کر انکے مجموعی معیار میں بہتری لانا ہے تاکہ طالبعلموں کو کوالٹی ایجوکیشن ملے ۔

ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیف موجودہ سال میں 15سو سے زائد نجی سکولوں سے تعلیمی پارٹنر شپ کر رہی ہے جبکہ16لاکھ مستحق طالبعلموں کو مفت تعلیم مہیا کر رہی ہے نیز اس توسیع سے طالبعلموں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ انیلہ سلمان نے ہدایت کی کہ پیف کی پارٹنرشپ میں آنے والے نئے سکولوں کی سہولت کے لیئے تعارفی پروگرام منعقد کیئے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے پارٹنر سکولوں میں 60لاکھ نصابی کتب کی منظم اور شفاف تقسیم پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ پیف یہ کتابیں اپنے پارٹنر سکولوں کے طالبعلموں کوہر سال مفت مہیا کرتی ہے۔ تاہم ان کتابوں کی کسی بھی قسم کی فروخت کی سختی سے ممانعت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیف بے وسیلہ طالبعلموں کو مفت اور معیاری تعلیم مہیا کر کے "پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب"کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔