تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام، فورسز کیساتھ جھڑپ میں 4 دہشت گرد ہلاک

پیر 29 جون 2015 11:32

تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام، فورسز کیساتھ جھڑپ میں 4 دہشت گرد ہلاک

لاہور /شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء ) شیخوپورہ میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی کی ایلیٹ فورس کی کارروائی میں چار دہشت گردمارے گئے ۔شیخوپورہ کی تحصیل فیروز والا کے ڈی ایس پی احسان کھوکھر نے بی بی سی کو بتایا کہ محکمہ انسدادِ دہشت گردی کی ایلیٹ فورس نے دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ معلومات موصول ہونے پر رائل سٹی نامی ٹاوٴن میں ایک گھر پر چھاپہ مارا۔

وہاں موجود ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا جبکہ دیگر تین دہشت گرد پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوئے۔پولیس حکام کے مطابق ایلیٹ فورس کی اس کارروائی میں کوئی سکیورٹی اہلکار زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔ڈی ایس پی احسان کھوکھر نے کہا کہ ایلیٹ فورس کے اہلکار اب بھی علاقے میں سرچ آپریشن کر رہے ہیں اور فرانزک ٹیم بھی جائے وقوعہ پر موجود ہے۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مارے گئے چھاپے میں اسلحہ اور اہم مقامات کے نقشے بھی برآمد ہوئے ۔نجی ٹی وی کے مطابق ملزمان کے ساتھ جھڑپ میں ایک اہلکار زخمی بھی ہوا جب کہ مقابلے میں 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے بڑی تعداد میں دھماکا خیز مواد، خود کش جیکٹس راکٹ لانچر، کلاشنکوف، گولیاں، نقشے اور اہم دستاویزات بھی برآمد ہوئیں۔پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے میوہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ گرفتار ملزمان کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔

وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے کسی بڑی کارروائی کا منصوبہ بنایا جا رہا تھا جو حساس اداروں اور پولیس نے بروقت ناکام بنادیا۔

متعلقہ عنوان :