کراچی میں گرمی سے اموات کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے، بلاول بھٹو زرداری

ن لیگ نے 2 سال پہلے حکومت سنبھالتے ہی 6 ماہ کے اندر لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمے کا کہا تھا، چیئرمین پیپلزپارٹی

ہفتہ 27 جون 2015 23:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جون۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ کراچی میں گرمی کی وجہ سے سیکڑوں اموات کا ذمہ دار کے الیکٹرک کے ساتھ وفاق بھی ہے کیونکہ حکومت کو 2 سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود توانائی بحران مزید بڑھ رہاہے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف پیپلزپارٹی پنجاب کی جانب سے دوسری اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر ریلیاں نکالنے اور دھرنے کے عمل کو سراہا جب کہ انہوں نے کہ بجلی بحران کے خاتمے کے حوالے سے وفاق کی نااہلی کو عوام کے سامنے بے نقاب کرنے والے عمل کو جاری رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں حالیہ گرمی کی وجہ سے سیکڑوں اموات کی ذمہ دار کے الیکٹر ک کے ساتھ وفاقی حکومت بھی ہے جس نے لوڈ شیڈنگ سے بچنے کے لیے بجلی کی فراہمی کے حوالے سے جاری لائسنس شرائط پوری نہیں کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ(ن)لیگ نے 2 سال پہلے حکومت سنبھالتے ہی 6 ماہ کے اندر لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمے کا کہا تھا لیکن آج 2 سال سے زیادہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود ایک طرف توانائی بحران مزید بڑھ رہا ہے تو دوسری طرف گردشی قرضہ بھی بڑھ رہا ہے اور یہ سب کچھ نااہلی، خراب حکمرانی اور بدعنوانی کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ نواز لیگ اپوزیشن میں تھی تو اس نے نندی پور پاور پروجیکٹ اور گردشی قرضوں کے حوالے سے چیخ وپکار کی لیکن آج وفاقی حکومت ان دونوں مسائل پر کہا ں کھڑی ہے۔