پیپلزپارٹی پنجاب کا بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف دھرنے دینے کا عمل قابل ستائش ہے ،بجلی کے بحران کے خاتمے بارے وفاقی سرکار کی نااہلی کو عوام کے سامنے بے نقاب کرنیوالے عمل کو جاری رہنا چاہیے، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی منظو ر وٹو کو ہدایت

ہفتہ 27 جون 2015 20:48

لاہور/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جون۔2015ء) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ما ہ صیام میں ملک میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف پی پی پی پنجاب کی طرف سے دوسری اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر ریلیاں نکالنے اور دھرنے لگانے کے عمل کو سراہتے ہوئے پی پی پی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو کو ایک پیغام بھیجا ہے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے پیغام میں مزید کہا ہے کہ بجلی کے بحران کے خاتمے کے حوالے سے وفاقی سرکار کی نااہلی کو عوام کے سامنے بے نقاب کرنے والے عمل کو جاری رہنا چاہیے ۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ حالیہ کراچی میں گرمی کی وجہ سے سینکڑوں اموات کی ذمہ دار کراچی الیکٹر ک کے ساتھ وفاقی سرکار بھی ہے جس نے لوڈ شیڈنگ سے بچنے کے لیے بجلی کی فراہمی کے حوالے سے جاری لائسنس شرائط پوری نہیں کیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے نواز حکومت کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ دو سال پہلے وفاقی حکومت سنبھالتے ہی یہ اعلان کیا گیا تھا کہ چھ مہینوں کے اندر ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا لیکن آج دو سال سے زیادہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود ایک طرف توانائی بحران مزید بڑھ رہا ہے اور دوسری طرف گردشی قرضہ بھی بڑھ رہا ہے ۔

یہ سب کچھ ناہلی ، خراب حکمرانی اور بدعنوانی کے علاوہ کچھ نہیں ہے ۔ جبکہ نواز لیگ اپوزیشن میں تھی تو اس نے نندی پور پاور پروجیکٹ اور گردشی قرضوں کے حوالے سے چیخ وپکار کی لیکن آج وفاقی حکومت ان دونوں ایشوز پر کہا ں کھڑی ہے ؟بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف آواز اٹھانے پر تمام سیاسی پارٹیوں اور عوام کو سراہا ہے ۔