` لیسکو اقبال ٹاؤن سب ڈویژن نے ڈیڑھ مرلے مکان مالک کو لاکھوں روپے مالیت کا بل بھیج دیا

بار بار بل ٹھیک کروانے کے دھکے کھانے کے باوجود لیسکو اہلکار رشوت طلب کرنے لگے`

ہفتہ 27 جون 2015 18:52

` لیسکو اقبال ٹاؤن سب ڈویژن نے ڈیڑھ مرلے مکان مالک کو لاکھوں روپے مالیت ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جون۔2015ء) صوبائی دارالحکومت میں لیسکو اقبال ٹاؤن سب ڈویژن نے ڈیڑھ مرلے مکان مالک کو لاکھوں روپے مالیت کا بل بھیج دیا۔ بار بار بل ٹھیک کروانے کے دھکے کھانے کے باوجود لیسکو اہلکار رشوت طلب کرتے ہیں۔ مالک مکان خاتون کی میڈیا کے آگے دھائی۔ تفصیلات کے مطابق لیسکو اقبال ٹاؤن سب ڈویژن کے علاقے میں جمال کالونی ہنجروال کی رہائشی نصرت بی بی نے بتایا کہ اس کا مکان صرف ڈیڑھ مرلہ ایریا پر بنا ہوا ہے اور گھر میں صرف ایک پنکھا اور ایک چھوٹا ٹیلی ویژن اور سیور بلب لگے ہیں۔

(جاری ہے)

اس نے بتایا کہ تین ماہ قبل19ہزار125 روپے بل ادا کرکے میٹر لگوایا گیا۔ لیسکو اہلکاروں نے 8500 یونٹ چلا ہوا کمرشل میٹر لگاگئے۔لیسکو نے 2لاکھ 37ہزار21 روپے کا بل بھیج دیا۔ دوسرا بل2لاکھ5ہزار464 روپے کا بھجوادیا۔ تیسرا بل 2لاکھ8ہزار508 کا بھجوادیا ۔ نصرت بی بی نے کہا کہ لیسکو اہلکار گزشتہ3ماہ سے مسلسل پریشان کررہے ہیں۔ میٹر بجلی کو ٹھیک کرنے کی بجائے ان سے رشوت طلب کررہے ہیں اور واضح الفاظ میں کہتے ہیں کہ اگر ان کی مٹھی گرم نہ کی گئی تو ان کا بل ٹھیک نہیں کیا جائیگا۔ خاتون نصرب بی بی ڈیڑھ مرلہ گھر کے بجلی کے بل کو ٹھیک کروانے کیلئے میڈیا تک داد رسی کیلئے پہنچ گئی۔ `