مجرم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ،ایک ہزار بایئومیٹرک مشینیں پنجاب پولیس کے حوالے‘ڈاکٹر عمر سیف

بائیومیٹرک مشینیں نادرا سسٹم کے ساتھ منسلک ہو نگی، شناختی کارڈ نمبر اور انگوٹھے کے نشان کے ذریعے مجرموں کی شناخت اور گرفتاری موقع پر ہو گی، مشینیں تھانوں، ناکوں اور چھاپوں میں استعمال ہونگی سب سے زیادہ103مشینیں ضلع لاہو کو اور سب سے کم 8 ضلع لیہ کو دی گئی ہیں، محکمہ انسداد دہشت گردی کو50 اور سپیشل برانچ کو10بائیو میٹرک مشینیں دی گئی ہیں جبکہ50ریزروسٹاک میں رکھی گئی ہیں

جمعرات 25 جون 2015 23:10

مجرم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ،ایک ہزار بایئومیٹرک مشینیں پنجاب ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 جون۔2015ء) حکومتِ پنجاب نے عادی مجرموں اور اشتہاریوں کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے ایک ہزار بائیو میٹرک مشینیں صوبہ بھر کے تمام709تھانوں میں فراہم کر دی ہیں۔ان مشینوں کے ذریعے تھانوں، ناکوں یا چھاپوں میں مجرموں کی فوری شناخت ہو گی۔ یہ بات مشینیں فراہم کرنے والے ادارے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر عمر سیف نے جمعرات کے روز ارفع آئی ٹی ٹاورمیں لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سرگودھا اور فیصل آباد کے پولیس افسران میں بائیو میٹرک مشینوں کی تقسیم کے موقع پر کہی۔

انہوں نے بتایا کہ باقی ڈویژنوں یعنی راولپنڈی، ملتان، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال اور ملتان کو آج جمعہ کے روز مشینیں دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ بائیو میٹرک مشینیں براہِ راست نادرا کے سسٹم سے منسلک ہیں اور کسی بھی شخص کے انگوٹھے اور شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے اس کی فوری شناخت ہو جائے گی ۔

(جاری ہے)

اس طرح کسی بھی مقدمے میں مطلوب ملزم یا اشتہاری کو موقع پر گرفتار کیا جا سکے گا نیز دہشت گردی کے قلع قمع میں بھی یہ مشینیں اہم کردار ادا کریں گی۔

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ اس نظام کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ شناخت کے بعد پولیس شریف شہریوں کو تنگ نہیں کر ے گی اور صرف مجرموں یا گناہگاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مشینوں کو چلانا بہت آسان ہے تاہم پولیس کے اے ایس آئی رینک کے 80افسران کو تربیت بھی فراہم کی گئی ہے جو آگے ہر تھانہ کے متعلقہ سٹاف کو تربیت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قبل ازیں زمبابوے اور پاکستان کے مابین کرکٹ میچوں کے دوران قذافی سٹیڈیم میں آنے والے شائقین کی شناخت کے لئے ان مشینوں کا کامیاب تجربہ کیا جا چکا ہے جس کے بعد وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے صوبہ بھر میں یہ نظام فعال کرنے کی ہدائت کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ آئی جی پولیس پنجاب کے مطالبے پر سب سے زیادہ ضلع لاہور کو103مشینیں دی گئی ہیں جبکہ دیگر اضلاع میں سے فیصل آباد کو 50،راولپنڈی41 , ملتان 41،گوجرانوالہ40، رحیم یار خان37، سیالکوٹ35،سرگودھا32،گجرات30، بہاولپور29، میانوالی29، قصور27، مظفر گڑھ26، اٹک 24، بہاولنگر24،شیخوپورہ23، ڈیرہ غازی خان23، اوکاڑہ23، جھنگ، ساہیوال، راجن پور اور وہاڑی21،21، خانیوال20، بھکر16، نارووال14، جہلم13، چکوال13، پاکپتن12، ننکانہ، منڈی بہا الدین، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کو11،11، حافظ آباد10، لودھراں10،خوشاب9اور ضلع لیہ کو 8مشینیں فراہم کی گئی ہیں۔

مزید برآں محکمہ انسداد دہشت گردی کو50 اور سپیشل برانچ کو10بائیو میٹرک مشینیں دی گئی ہیں جبکہ 50مشینیں دیگر امور کے لئے ریزروسٹاک میں رکھی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :