یمن سے ملحقہ سرحدی علاقے میں حوثی باغیوں کے راکٹ حملوں میں ایک اماراتی اور3 سعودی فوجی جاں بحق

جمعرات 25 جون 2015 20:21

یمن سے ملحقہ سرحدی علاقے میں حوثی باغیوں کے راکٹ حملوں میں ایک اماراتی ..

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 جون۔2015ء) یمن کے ساتھ واقع سعودی عرب کے سرحدی علاقے میں حوثی باغیوں کے راکٹ حملوں اور جھڑپوں میں ایک اماراتی اور3 سعودی فوجی جاں بحق ہوگئے ۔عالمی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جیزان کے علاقے میں گزشتہ شام ایک راکٹ گرا تھا جس سے 2 سعودی فوجی شہید ہوئے ہیں۔

بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ راکٹ کہاں سے آیا تھا لیکن یمن کے سرحدی علاقے سے حوثی شیعہ باغی اپنے خلاف سعودی عرب کی قیادت میں فضائی مہم کے آغاز کے بعد سے آئے دن سرحد پار گولہ باری کرتے رہتے ہیں۔بیان کے مطابق عسیر کے علاقے میں سعودی عرب کا ایک سرحدی محافظ جاں بحق ہوگیا ہے لیکن اس واقعے کی مزید تفصیل نہیں بتائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں سرحدی علاقے میں حوثی باغیوں کے ساتھ جھڑپوں میں ایک اماراتی فوجی شہید ہوگیا تھا۔

متحدہ عرب امارات بھی سعودی عرب کی قیادت میں حوثی مخالف اتحاد کا حصہ ہے اور اس اتحاد کے لڑاکا طیارے 26 مارچ سے یمن میں جلا وطن صدر عبد ربہ منصور ہادی کی حمایت میں حوثی باغیوں اور ان کے اتحادیوں کے خلاف فضائی حملے کررہے ہیں۔اس فضائی مہم کے آغاز کے بعد سے سعودی عرب کے سرحدی علاقے میں حوثی باغیوں کے ساتھ جھڑپوں یا ان کی گولہ باری سے تینتالیس سعودی فوجی اور شہری جاں بحق ہوچکے ہیں۔دوسری جانب یمن میں حوثی ملیشیا اور حکومت نواز فورسز کے درمیان جھڑپوں میں2600 سے زیادہ افراد مارے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :