کراچی سمیت پورا پاکستان کالاباغ ڈیم کی تعمیر کیلئے اٹھ کھڑا ہو‘ مونس الٰہی

ڈیم سے 2روپے یونٹ بجلی ملے گی، نوازلیگ 25روپے یونٹ کے منصوبے لگا رہی ہے، پاکستان مسلم لیگ کی تحریک میں 80 لاکھ پاکستانی شامل ہو گئے

بدھ 24 جون 2015 22:11

کراچی سمیت پورا پاکستان کالاباغ ڈیم کی تعمیر کیلئے اٹھ کھڑا ہو‘ مونس ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 جون۔2015ء ) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما مونس الٰہی نے کراچی میں اتنی بڑی تعداد میں شہریوں کے جاں بحق ہونے پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بجلی کی قلت کے خاتمہ اور سستی بجلی کی فراہمی کیلئے کراچی سمیت پورا پاکستان اب کالاباغ ڈیم کی تعمیر کی حمایت میں اٹھ کھڑا ہو، ہماری جماعت کی کالاباغ ڈیم بناؤ تحریک میں پچھلے 6ماہ میں صرف سوشل میڈیا پر 80لاکھ پاکستانی شامل ہوچکے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں پاکستان مسلم لیگ کی کالاباغ ڈیم بناؤ تحریک کے نمائندوں اور کنوینر رضوان ممتاز علی کے ساتھ گفتگو میں کیا۔ مونس الٰہی نے نواز لیگ کی ناقص پالیسیوں خصوصاً جنگلہ بس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی کمی سے نڈھال قوم کو توانائی فراہم کرنے کے بجائے حکمرانوں نے ایک نمائشی منصوبے جنگلہ بس کی بتی کے پیچھے لگا دیا ہے جس کا نتیجہ کراچی و ملک کے دیگرعلاقوں میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے حالیہ اموات اور مظاہرے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو کالاباغ ڈیم سے2روپے فی یونٹ بجلی فراہم ہو گی لیکن اس کے بجائے نواز لیگ 25روپے فی یونٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر قومی سرمائے اور وقت کا ضیاع کررہی ہے، قوم اس کا وقت آنے پر کڑا احتساب کرے گی۔ مونس الٰہی نے اس امید کا اظہار کیا کہ کالاباغ ڈیم مخالف سوچ کی حامل جماعتیں، گروپ اور افراد بھی اب اپنی سوچ قوم کے بہترین مفاد میں تبدیل کریں گے۔ مونس الٰہی نے کالاباغ ڈیم بناؤ کی کامیاب ملک گیر تحریک چلانے پر شرکاء کی تعریف کی اور انہیں مزید تندہی کے ساتھ ڈیم کی حمایت کیلئے سرگرمیوں میں اضافہ کی ہدایت کی۔