کراچی کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی، بارش کے امکانات کم ہو گئے ہیں‘ محکمہ موسمیات

گرمی کے باعث جاں بحق افراد کے سوگ میں صوبے بھر میں عام تعطیل رہی

بدھ 24 جون 2015 21:58

کراچی کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی، بارش کے امکانات کم ہو گئے ہیں‘ ..

کراچی ۔ 24 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 جون۔2015ء) محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز کراچی کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی جبکہ بارش کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے آفیسر نے ”اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 جون۔2015ء“ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بحرہ عرب میں بننے والا گرم موسم کا دباؤ کراچی سے گزر کر بھارت کے شہر گجرات پہنچ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرم ہوائیں اور حبس سندھ کے زیادہ تر شہروں میں برقرار رہنے کی توقع ہے جبکہ کچھ علاقوں میں بارش کی بھی توقع ہے جن میں میر پور خاص، سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد اور کراچی کے کچھ علاقے شامل ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، شدید گرمی اور لو لگنے کی وجہ سے جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگ میں سندھ حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں عام تعطیل رہی۔

(جاری ہے)

سندھ کے محکمہ صحت نے بھی گرمی میں بتدریج کمی کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ گذشتہ رات سے اب تک شہر کے مختلف اسپتالوں میں 16 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ ای ڈی او کراچی ڈاکٹر ظفر اعجاز نے لوگوں میں گرمی کے موسم کے اثرات سے محفوظ رہنے کی تدابیر کی آگاہی پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کی مشترکہ کوششوں سے نہ صرف ہسپتالوں میں مریضوں کا دباؤ کم ہوا ہے بلکہ لوگوں کو سہولت بھی بہتر انداز میں مہیا کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 50 سے زائد گرمی اور لو لگنے کے مراکز قائم کئے گئے ہیں جو کہ ٹاؤن ہیلتھ آفیسر اور مقامی انتظامیہ کے تحت کام کر رہے ہیں۔ اہلیان کراچی نے آرمی اور رینجرز کی جانب سے مختلف اسپتالوں اور مقامات پر لگائے جانے والے طبی مراکز کو سراہا ہے جس میں خصوصاً جناح ہسپتال، سول ہسپتال، عباسی شہید ہسپتال اور دیگر مقامات پر فل ایئر کنڈیشن اور تمام ضروری سہولیات سے آراستہ کیمپ لگانے کو بھی سراہا ہے۔

پاکستان کوسٹ گارڈ کی جانب سے بھی کورنگی کے علاقے میں ریلیف سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔ جناح ہسپتال کے ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا ہے کہ اب تک 6 ہزار افراد گرمی اور لو لگنے کے سبب جو آئے تھے انہیں طبی امداد پہنچائی گئی جو کہ ہسپتال کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ایسی صورتحال سے بچنے کے لئے تمام متعلقہ حلقوں کو طویل المدتی منصوبہ بندی کرنا چاہئے۔ دریں اثناء کراچی واٹر بورڈ حکام نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی بارشوں کے سبب حب ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے جس سے کراچی کے شہریوں کو پانی کی قلت میں کمی واقع ہو گی۔

متعلقہ عنوان :